سموسے کے نقصانات سے متعلق وائرل ویڈیو پر دلچسپ تبصرے

   

کراچی : سوشل میڈیا پر سموسے کھانے کے نقصانات سے متعلق ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ عائشہ نامی ایک صارف کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر سموسے کھانے کے نقصانات کے بارے میں ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔ اس ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ڈاکٹر عفان قیصر جو اس وقت پاکستان میں معدے کے نمبر ون اسپیشلسٹ ڈاکٹر ہیں انہوں نے سموسے کھانے کے نقصانات پر تفصیل سے روشنی ڈالی ہے۔ اس ویڈیو میں ڈاکٹر عفان قیصر نے بتایا ہے کہ سموسہ پاکستانیوں کی پسندیدہ غذا ہے، اس میں 250 سے 400 تک کیلوریز ہوتی ہیں۔ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ سموسہ اکثر گندے تیل میں بنایا جاتا ہے، اس میں ٹرانس فیٹس ہوتے ہیں اور سوڈیم کی بہت زیادہ مقدار ہوتی ہے جس کی وجہ سے بہت سے لوگ بلڈ پریشر کے مریض بن جاتے ہیں۔