سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک

   

حیدرآباد ۔ 21 اگست (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ کوکٹ پلی پولیس کے مطابق 23 سالہ لوکیش جو پیشہ سے ڈرائیور تھا۔ کل رات اپنے ساتھی کے ہمراہ موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ کوکٹ پلی کے علاقہ میں حادثہ پیش آیا اور اس حادثہ میں لوکیش برسرموقع ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق لوکیش نشہ کی حالت میں تھا اور اس کے ساتھی کے ہاتھ میں شراب کی بوتل تھی۔ اس کا ساتھی شدید زخمی بتایا گیا ہے۔ ترملگیری پولیس کے مطابق 52 سالہ سباراؤ جو پیشہ سے لکچرر تھا، لال بازار سکندرآباد علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے، کل یہ شخص پیدل جارہا تھا کہ تیز رفتار بے قابو موٹرسیکل کی زد میں آ کر شدید زخمی ہوگیا تھا جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا۔ پہاڑی شریف پولیس کے مطابق 25 سالہ مدھو جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا، ضلع رنگاریڈی کا ساکن ہے۔ کل یہ شخص موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ دوسری موٹر سیکل سے حادثہ پیش آیا۔ اس حادثہ میں زخمی مدھو کل فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔