سڑک حادثات میں پانچ افراد بشمول خاتون ہلاک

   

حیدرآباد /25 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5 افراد بشمول ایک خاتون فوت ہوگئی ۔ لنگر حوض پولیس کے مطابق 50 سالہ محمد فاروق حسین جو پیشہ سے تاجر تھے ۔ ایم ایم پہاڑی علاقہ کے ساکن بتایا گیا ہے ۔ یہ شخص کل رات موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ لنگر حوض حدود میں حادثہ پیش آیا ۔ ایک تیز رفتار ٹپر لاری کی زد میں آکر فاروق حسین شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ کیسرا پولیس کے مطابق 58 سالہ خاتون یاداماں جو رامپلی علاقہ کے ساکن شخص یاداماں کی بیوی تھی ۔ یہ خاتون سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں موٹر سائیکل کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی تھی ۔ جو علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ میاں پور پولیس کے مطابق 53 سالہ وینکٹ رمنا جو پرشانت نگر علاقہ کا ساکن تھا ۔ یہ شخص کل سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا تھا جو علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ ڈنڈیگل پولیس کے مطابق 27 سالہ پرشانت جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔کل یہ شخص دنڈیگل کے علاقہ میں پیدل جارہا تھا کہ ایک تیز رفتار لاری کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ پیٹ بشیرآباد پولیس کے مطابق 25 سالہ ناگابابو جو پیشہ سے تاجر تھا ۔ پیٹ بشیرآباد کے علاقہ میں 19 ڈسمبر کے دن موٹر سائیکل سے گرکر یہ شخص شدید زخمی ہوگیا تھا جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔