شیشہ و تیشہ

   

انورؔ مسعود
رابطہ
کتاب سے ہے عزیزوں کا رابطہ قائم
وہ اِس سے اب بھی بہت فائدہ اٹھاتے ہیں
کبھی کلاس میں آتے تھے ساتھ لے کے اسے
اب امتحان کے کمرے میں لے کے جاتے ہیں
…………………………………
مزاحیہ غزل
بات جیسی بھی ہو بیگم کی اثر رکھتی ہے
کیونکہ منوانے کا وہ خوب ہنر رکھتی ہے
کس سے ملتا ہوں، کہاں آتا کہاں جاتا ہوں
صبح کی شام کی پل پل کی خبر رکھتی ہے
میرے کپڑوں سے بتاتی ہے کہ میں کس سے ملا
سونگھنے کا بھی وہ کچھ خاص ہنر رکھتی ہے
نوٹ کتنے ہیں مری جیب میں، سکے کتنے
ایکسرے جیسی وہ باریک نظر رکھتی ہے
میری کولیگ نے لنچ آج مرے ساتھ کیا
ایسی باتوں کی بھلا کیسے خبر رکھتی ہے
شک بھی ہوتا ہے کہ بیگم ہے کہ جاسوس ہے وہ
میری ہر بات پہ کچھ ایسے نظر رکھتی ہے
گھر سے وہ مجھ کو نکالے گی، فقط دھمکی نہیں
ہر گھڑی باندھ کے وہ رختِ سفر رکھتی ہے
وہ چلاتی ہے چھری روز کچن میں لیکن
پیٹ میں میرے گھسانے کا جگر رکھتی ہے
…………………………
اتنی رات گئے …!
٭ ایک مشاعرہ کافی دیر سے چل رہا تھا کہ دوران مشاعرہ ناظم مشاعرہ نے اناؤنس کیا کہ خالد صاحب نام کے آدمی جو بھی ہیں وہ فوری گھر چلے جائیں کیونکہ اُن کا بچہ دیوار پر سے گرگیا ہے…!
کچھ دیر توقف کے بعد انھوں نے پھر کہاکہ وہ جاکر یہ بھی پوچھیں کہ اتنی رات گئے بچہ دیوار پر کیوں چڑھا تھا اور کیا کررہا تھا …!!
محمد عباد خان ۔ حمایت نگر
…………………………
چراغ اور عورت …!!
سوال : علاء الدین کے چراغ اور عورت کے میک اپ میں کیا چیز مشترک ہے …؟
جواب : دونوں کو رگڑو تو اندر سے جن نکلتا ہے …!!
………………………
کیافرق ہے …!؟
ایک دوست (دوسرے سے): بیوی اور گھڑی میں کیا فرق ہے ؟
دوسرا : گھڑی بگڑتی ہے تو بند ہوجاتی ہے بیوی بگڑتی ہے تو چالو ہوجاتی ہے ۔
شعیب علی فیصل ۔ محبوب نگر
………………………
کیا کیا جائے…!؟
٭ آپریشن سے پہلے نرس نے ڈاکٹر کو آکر کہا کہ ’’مریض کو ایک نہیں دو بیہوشی کے انجکشن دیئے گئے لیکن وہ بیہوش نہیں ہورہا ہے کیا کیا جائے …!؟‘‘
ڈاکٹر نے کہا : ’’دواخانے کی ہونے والی بل بتادیجئے …!!‘‘
نرس نے جیسے ہی بل بتادی تو بیچارہ مریض ایک دم بیہوش ہوگیا …!!
سید اعجاز احمد ۔ورنگل
………………………
اگر کوئی …؟
٭ مرزا غالب نے ایک کتاب ’’قاطع برہان‘‘ لکھی، اسکا جواب اکثر مصنفوں نے دیا، ان میں سے بعض کے جواب مرزا نے بھی لکھے اور ان میں زیادہ تر شوخی اور ظرافت سے کام لیا لیکن مولوی امین الدین کی کتاب ’’قاطع قاطع‘‘ کا جواب مرزا نے کچھ نہیں دیا کیونکہ اس میں فحش اور ناشائستہ الفاظ کثرت سے لکھے تھے۔
کسی نے کہا۔ ’’حضرت آپ نے اس کا کچھ جواب نہیں لکھا‘‘۔مرزا نے جواب دیا: ’’اگر کوئی گدھا تمھارے لات مار دے تو کیا تم بھی اس کے لات مارو گے؟‘‘
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
تمہیں یاد ہے !
٭ غصہ میں بیوی نے شوہر کو فون ملایا اور چلاتے ہوئے کہا …کہاں پر ہو تم اب ؟
شوہر : ڈارلنگ ! تمہیں یاد ہے وہ جیولری کی دوکان جہاں سے تمہیں ڈائمنڈ کا ایک نیکلس پسند آیا تھا لیکن میرے پاس پیسہ نہ ہونے کی وجہ سے میں وہ تمہیں خریدکر دے نہ سکا تھا لیکن میں نے کہا تھا کہ ایک دن وہ ہار تمہارے لئے ضرور خریدونگا ۔
بیوی : ( خوش ہوتے ہوئے) ہاں! ہاں ! مجھے اچھی طرح یاد ہے ۔
شوہر : میں اُسی جیولری شاپ کے بازو کی حجامت کی دوکان پر ہوں!!‘‘۔
سید جمیل الرحمن ۔ گائتری ہیلز، حیدرآباد
…………………………