شیشہ و تیشہ

   

قطب الدین قطب ؔ
دادا کی بارات …!
اُس زمانے کے قلم و دوات کہاں سے لائیں
دادا پردادا کے کاغذات کہاں سے لائیں
ہے کوئی جو سمجھائے اس ناداں سرکار کو
ہم اپنے دادا کی بارات کہاں سے لائیں
………………………
حسنؔ
داستان تھوڑی ہے …!
یہ بات سچ ہے کوئی داستان تھوڑی ہے
کسی کے باپ کا ہندوستان تھوڑی ہے
ہمیشہ زہر اُگلتے ہیں وہ سبھاؤں میں
جنابِ والا کی میٹھی زبان تھوڑی ہے
دماغ چاہئے صاحب اِسے چلانے کو
یہ دیش چائے کی کوئی دکان تھوڑی ہے
تمہیں کہاں سے خبر ہو کسی کی عزت کی
تمہارے ساتھ کوئی خاندان تھوڑی ہے
کبھی تو آؤ گے پنجوں میں اک شکاری کے
تمہاری باز سے اونچی اُڑان تھوڑی ہے
اُٹھے گا حق کے لئے باندھ کر کفن سرسے
یہاں کا واسی کوئی ناتوان تھوڑی ہے
لگے ہوئے ہو فقط اپنا پیٹ بھرنے میں
کسی کے حق کاتمہیں کچھ دھیان تھوڑی ہے
گروگے ایک نہ اک روز منھ کے بل تم بھی
تمہارے قدموں تلے آسمان تھوڑی ہے
ہم اپنے دیش کی خاطریہ سربھی دیدیں گے
ہمارے دل میں کوئی خوفِ جان تھوڑی ہے
یہ اور بات کہ حاکم ہو آج تم لیکن
تمہارے ساتھ یہاں کا جوان تھوڑی ہے
یہ آرہی ہے صدا جامعہ، علی گڑھ سے
ہمارے دیش میں امن و امان تھوڑی ہے
تمہارا ذکر کرے غیر کی طرح ہردم
بکی بکائی حسنؔ کی زبان تھوڑی ہے
…………………………
ذرا آہستہ …!
٭ راحت اندوری کسی مشاعرے میں غزل پڑھ رہے تھے اور دوران غزل ایک شعر پر پہونچے اور اپنے مخصوص انداز میں کہا ؎
منتظر ہوں کہ ستاروں کی ذرا آنکھ لگے
چاند کو چھت پہ بُلا لوں گا اشارا کر کے
سامعین میں سے کسی نے زور سے کہا ، راحت بھائی ! ذرا آہستہ بلائیے کہیں آپ کے گھر کا چاند نہ جاگ جائے …!!
محمد حامداﷲ ۔ حیدر گوڑہ
………………………
کیا کروں …!!
٭ ایک شخص اپنے دوست سے ملنے گیا دیکھا کہ دوست کچھ اُداس بیٹھا ہے ۔ اس نے اُداسی کی وجہہ دریافت کی تو دوست نے کہا : ’’کیا بتاؤں بیوی نے آج پچیس ہزار روپئے (25,000/-) کی ایک ساڑی خریدی ہے ، کیا کروں کچھ کہا نہیں جاتا …!‘‘
دوسرے دن وہی شخص جب دوست سے ملنے گیا تو اسے خلافِ توقع بہت ہی خوشگوار موڈ میں پایا وہ ہنس ہنس کر باتیں کررہا تھا ۔ اُس نے اس تبدیلی اور خوشی کی وجہ دریافت کی تو دوست نے مسکراتے ہوئے جواب دیا: ’’کل میری بیوی نے جو ساڑی پچیس ہزار روپئے کی خریدی تھی آج وہ تمہاری بیوی کو دکھانے کیلئے گئی ہے …!!‘‘
ایم اے وحید رومانی ۔ نظام آباد
…………………………
بھابھی کا نام …!
٭ شادی کے بعد ایک دوست دوسرے سے: بھابی کا نام کیا ہے؟
جواب: گوگل
دوست: کیا مطلب؟
جواب: سوال ایک پوچھو تو جواب دس دیتی ہے…!
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
فیملی پلاننگ…!!
٭ ایک دوست (دوسرے دوست سے ): ’’ہمارے گھر میں 25سے زیادہ بچے ہیں‘‘
دوسرا : کیا فیملی پلاننگ کے لوگ نہیں آئے تھے…!؟ پہلا : ’’آئے تھے مگر وہ اسکول سمجھ کر چلے گئے …!‘‘
سید عبداﷲ عابد ۔ محبوب نگر
…………………………
شرم کی بات …!!
٭ جج بڑے شرم کی بات ہے تم نے ایک ہفتہ کے دوران سات چوریاں کیں ۔ ملزم جی اس میں شرم کی کون سی بات ہے ۔ ہفتے میں سات ہی تو دن ہوتے ہیں آٹھ ہوتے تو آٹھ چوریاں کرکے دکھادیتا …!!
مبشر سید ۔ چنچلگوڑہ
…………………………