شیشہ و تیشہ

   

احمدؔ قاسمی
حالاتِ حاضرہ
دنیا کو اے دنیا کے نگہبان بچالے
خطرے میں ہے ہر ملک کا انسان بچالے
ہے موت کے ہاتھوں میں گریبان بچالے
شدت سے زمانہ ہے پریشان بچالے
پھیلی ہے ہلاکت کی فضا جان بچالے
جو جسم کے اندر ہے وہ سامان بچالے
شاخوں پہ ہر ایک پھول ہے حیران بچالے
دنیا کا اُجڑنے سے گلستان بچالے
لڑنے کیلئے کورونا وائرس سے نئی جنگ
جینے کے لئے خون کا دوران بچالے
زہریلی وباؤں سے سبھی خوف زدہ ہیں
شہروں میں تجارت کا ہے بحران بچالے
دولت ہے نہ شہرت نہ اثاثہ کوئی احمدؔ
ہم جیسے غریبوں کا ہے نقصان بچالے
………………………
گرمایش اور فرمایش…!!
٭ سورج کی گرمایش اور بیوی کی فرمائش دونوں ہی آزمایش اور صبر کی پیمایش ہے ۔ گرمایش دماغ پر اور فرمایش جیب پر اثر کرتی ہے ۔ ایک میں پسینہ نکلتا ہے دوسرے میں پیسہ ۔ ایک میں جسم جلتا ہے تو دوسرے میں دل جلتا ہے ۔ سورج کی گرمایش آئے تو ٹھنڈے جوس پینا پڑتا ہے اور اگر بیوی کی فرمایش آجائے تو خون کے گھونٹ پینے پڑتے ہیں۔ شادی شدہ لوگ صبر کریں اور باقی لوگ شکر کریں۔
مظہرقادری۔حیدرآباد
………………………
یہ نہیں ملتی…!!
٭ لکھنو کے ایک شاعر ملازمت کی تلاش میں حیدرآباد پہونچے تو اُنھیں ایک دعوت میں شرکت کا موقع ملا ۔ دسترخوان پر شیخی بگھارنے لگے کہ لکھنو میں یہ ملتا ہے وہ ملتا ہے ۔یہ سُن کر سکندر علی وجد خاموش نہ رہ سکے۔ دسترخوان سے ایک ’روٹی‘ اُٹھاکر مزاحیہ لہجہ میں فرمایا : ’’میاں آپ کے وہاں سب کچھ ملتا ہے مگر ’یہ‘ نہیں ملتی جس کے لئے آپ نے یہاں آنے کی زحمت کی ‘‘۔
سید اعجاز احمد۔ورنگل
…………………………
اشارہ کس کی طرف …!!
٭ ڈاکٹر راحت اندوری کسی مشاعرے میں اپنا کلام سنارہے تھے ، شعر کچھ یوں تھا؎
بُلاتی ہے مگر جانے کا نئیں
بُلاتی ہے مگر جانے کا نئیں
شعر پورا بھی نہیں ہوا سامعین میں سے کسی نے زور سے کہا راحتؔ بھائی یہ اشارہ بیوی کی طرف ہے یا مریض محبوبہ کی طرف !!
محمدحامداﷲ ۔حیدرگوڑہ
………………………
احسان…!!
٭ ایک فرانسیسی نوجوان تین سال تک لندن میں رہا اور تعلیم حاصل کرتا رہا ۔ جب وہ وطن واپس جانے لگا تو اپنے انگریزی کے استاد سے الوداعی ملاقات کرنے گیا ۔ اس نے جذباتی آواز اور غلط سلط انگریزی میں استاد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا :
’’اُستادِ محترم! آپ نے جس توجہ اور انہماک سے مجھے انگریزی پڑھائی ہے اس کا شکر گذار ہوں ۔ براہ کرم آپ فرمائیں کہ میں آپ کی کیا خدمت کرسکتا ہوں …؟‘‘۔
استاد نے جواب دیا : ’’جب تم واپس جاؤ تو وہاں کسی کو یہ مت بتانا کہ تمہیں انگریزی میں نے پڑھائی تھی …!!‘‘۔
نظیر سہروردی۔راجیونگر
…………………………
گدھے کا ساتھ …!
٭ گلی میں کھڑا ہوا گدھا بہت میٹھے سروں سے بول رہا تھا۔ شوہر کو مذاق سوجھا۔ بیگم سے بولے جان ! یہ کیا کہہ رہاہے؟
بیگم نے جھٹ جواب دیا۔ آپ کے ساتھ رہتے ہوئے ابھی تین ہی ماہ گذرے ہیں ، یہ زبان سیکھنے میں دیر لگے گی۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
خواب اور حقیقت …!
٭ ایک آدمی نے کپڑے کی نئی دوکان کھولی ۔ افتتاح کی رات میں ہی اُس نے ایک خواب دیکھا کہ ایک گاہک اُس سے دس میٹر کپڑا مانگ رہا ہے ۔ خوش ہوکر اُس نے تھان سے کپڑا پھاڑنا شروع کیا ۔ تبھی اُس کی بیوی جاگ گئی اور چلائی ارے ! چادر کیوں پھاڑ رہے ہوں ۔ آدمی نیند میں بولا : کمبخت دوکان میں بھی پیچھا نہیں چھوڑتی ۔
صادق شریف ۔ میدک
…………………………