شیشہ و تیشہ

   

ڈاکٹر خواجہ فریدالدین صادقؔ
وباء کا مذہب …!!
تعصب کیوں ذہنوں میں ایسا بسا ہے
نشانے پہ ہردم مسلماں رہا ہے
بھلا کوئی مذہب وباء کا بھی ہوگا
کورونا بھی ہم سے کیوں آکے جڑا ہے
…………………………
انورؔ مسعود
وارث …!
اے کاش نہ دیتا مرے اجداد کو دھوکا
وہ دشمنِ دیرینہ وہ مردْود کہیں کا
بے دخل کیا دانہِء گندم نے وگرنہ
میں صاحبِ میراث تھا فردوسِ بریں کا
………………………………
محمد شفیع مرزا انجم
غزل
پیری میں خواہشیں جو اُٹھی ہیں شباب کی
ہمکو بھی پڑگئی ہے ضرورت خضاب کی
ہر وقت منہ پھلاتے ہیں وہ مجھکو دیکھ کر
حالت نہ پوچھیئے دلِ خانہ خراب کی
بیگم کے پاؤں پڑتا ہے خالہ سمجھ کر وہ
کتنی بری ہے دوستو عادت شراب کی
دیکھا وہ مجھکو غور سے ایسا لگا مجھے
آنکھوں میں دھنس رہی ہے کرن آفتاب کی
مرغ و ہریس کر نہ سکے ہم کو شادماں
بات کچھ اور ہی تھی وہ لقمی کباب کی
انجمؔ کو سُن کے بزم میں ظالم نے یوں کہا
شاعر بنے ہیں دیکھئے حالت جناب کی
…………………………
لغت جدید
وکیل : وہ شخص جو گنہگار کو بے گناہ اور بے گُناہ کو گنہگار ثابت کرتار ہتا ہے ۔
عدالت : وہ جگہ جہاں حقیقت کی نہیں ثبوت کی اہمیت رہتی ہے ۔
پولیس اسٹیشن : ناکردہ گناہوں کی سزا گاہ۔
Bail : مزید جرائم کرنے کااجازت نامہ ۔
Acqited : چوری کا سامان بیچنے کا اجازت نامہ ۔
برتھ سرٹیفکیٹ : جائیداد کا ایک اور دعویدار ہونے کااجازت نامہ ۔
میریج سرٹیفکیٹ : ہر دو کیلئے ایک غلام استعمال کرنے کا اجازت نامہ ۔
ڈیتھ سرٹیفکیٹ : مرحوم کی بچی کچی جائیداد لوٹنے کا اجازت نامہ ۔
ایڈورٹائزمنٹ : جھوٹ بولنے کا قانونی اجازت نامہ ۔
مظہر قادری۔ حیدرآباد
…………………………
خواب تو خواب ہے …!
٭ ایک کسان ماہر نفسیات کے پاس گیا اور کہنے لگا: ’’جناب! آج کل میں بڑے بُرے خواب دیکھتا ہوں۔ رات میں نے دیکھا کہ میں گدھا ہوں اور گھاس چر رہا ہوں ‘‘
کوئی فکر کی بات نہیں۔ ماہر نفسیات نے کہا۔
’’خواب تو خواب ہے ،اس میں پریشانی کی کیا بات ہے؟‘‘
’’لیکن جناب ! جب صبح میری آنکھ کھلی تو میں نے اپنی چٹائی چبا ڈالی تھی ‘‘۔
کسان نے معصومیت سے جواب دیا۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
امیری کا سبب …!
٭ تم اچانک اتنے امیر کیسے ہوگئے ؟، ایک دوست نے دوسرے دوست سے پوچھا۔
بھولنے کی عادت کے سبب …!
وہ کیسے ؟
جب میرے دولت مند چاچاجی کو دل کا دورہ پڑا تو میں ڈاکٹر کو فون کرنا بُھول گیا …!
…………………………
سدھار کی کوشش …!
٭ ایک سیلزمین سے اس کے افسر نے کہا ذرا حُلیہ تو دیکھو کالر پر سالن کا دھبّا کوٹ کے دو بٹن غائب سب کپڑے شکن پڑے ہوئے ہماری فرم کے سیلزمین کا حُلیہ ایسا نہیں ہونا چاہئے فوری طورپر سُدھار کی کوششیں کرو یا تو شادی کرلو یا طلاق دے دو ۔
ایم اے وحید رومانی ۔ نظام آباد
…………………………
مگر …!
٭ ایک فقیر نے گھر پر آواز لگائی اور کہاں اماں ! بھوکے کیلئے کھانا ہے؟
اندر سے عورت نے کہا : ہے باوا ! مگر وہ بھوکا ابھی آفس سے نہیں آیا …!!
محمد حامداﷲ ۔ حیدرگوڑہ
…………………………