فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت

   

کیلئے 6 جنوری سے درخواستوں کا ادخال
عوام سے استفادہ کرنے چیف الیکٹورل آفیسر کی اپیل
حیدرآباد۔/24 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی اور اہل افراد کے ناموں کی شمولیت کا موقع فراہم کیا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کے مطابق یکم جنوری سے ووٹر لسٹ پر خصوصی نظر ثانی کی جائے گی۔ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت اور موجودہ ناموں میں تصحیح اور دیگر امور کیلئے ووٹرس کو موقع فراہم کیا جائے گا۔ یکم جنوری 2024 کو 18 سال کی تکمیل کرنے والے افراد ناموں کی شمولیت کیلئے درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ 6 جنوری کو فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کیا جائیگا اور اسی دن سے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت یا تصحیح کیلئے درخواستیں لی جائیں گی۔ 22 جنوری درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ ہوگی۔ 2 فروری تک تمام اعتراضات اور دعوؤں کی یکسوئی کرلی جائیگی۔ 6 فروری تک الیکشن کمیشن ووٹر لسٹ کا قطعی طور پر جائزہ لے گا اور 8 فروری کو قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کردی جائے گی۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق 18 سال کی تکمیل کرنے والے نوجوان ناموں کی شمولیت کیلئے درخواست دے سکتے ہیں اس کے علاوہ ناموں کی تصحیح اور اعتراضات کی گنجائش رہے گی۔ بوتھ سطح کے عہدیدار گھرگھر پہنچ کر درخواستوں کی جانچ کریں گے۔ وکاس راج نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سہولت سے استفادہ کرکے اپنے ناموں کی شمولیت اور تصحیح کو یقینی بنائیں۔ر