فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی مہم میں اردو نظرانداز

   


صرف تلگو زبان میں پوسٹرس پر کانگریس کا احتجاج
حیدرآباد۔/27 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کی مہم کے تحت 18 سال عمر کے نوجوانوں کو نام شامل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ حیدرآباد میں ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر ناموں کی شمولیت، تصحیح ، پتہ کی تبدیلی اور نام کے اخراج کیلئے خصوصی کاونٹرس قائم کئے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنوں پر تلگو اور انگریزی میں عوام کی رہنمائی کیلئے پوسٹرس لگائے گئے لیکن کسی بھی مرکز پر اردو میں پوسٹر دستیاب نہیں ہے جس کے نتیجہ میں اردوداں طبقہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مشیرآباد اسمبلی حلقہ کے تحت قائم کئے گئے پولنگ اسٹیشنوں میں صرف تلگو پوسٹرس چسپاں کرنے پر کانگریس قائدین نے احتجاج کیا۔ سابق کارپوریٹر محمد واجد حسین نے پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا اور بوتھ سطح کے عہدیداروں سے بات چیت کی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ الیکشن کمیشن نے اردو کو نظرانداز کردیا ہے۔ بعض مقامات پر صرف تلگوزبان میں پوسٹرس موجود ہیں جبکہ تلگو، انگلش اور اردو میں پوسٹرس کی موجودگی سے عوام کو رہنمائی مل سکتی ہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر لوکیش کمار سے اپیل کی کہ آئندہ اس طرح کی مہم کے موقع پر تینوں زبانوں میں ہدایات سے متعلق پوسٹرس چسپاں کروائیں۔ر