مذہبی خبریں

   

سماجی برائیوں کے خلاف علماء کو اہم عملی کردار ادا کرنا ہوگا
منشیات اور شراب سے جرائم میں اضافہ، برادر شفیع کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 27۔جون (پریس نوٹ) برادر شفیع نے کہا کہ اگر ہمیں اپنے جان سے بھی زیادہ پیارے ملک ہندوستان کو صحتمند اور ترقی یافتہ بنانا ہے تو منشیات‘ شراب اور دیگر نشہ آور چیزوں سے سماج کو پاک کرنا ضروری ہے کیوں کہ ہماری سرزمین پر بڑھتے جرائم کی اصل وجوہات یہی ہیں۔ ہندوستان‘ دُنیا کا ایسا واحد ملک ہے جس کی جملہ آبادی کا 65 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ نوجوانوں میں دھیرے دھیرے منشیات اور روز مرہ کی زندگی میں دیگر نشہ آور چیزوں کا استعمال زور پکڑتا جارہا ہے اور یہی وجوہات ہیں کہ روزانہ قتل‘ عصمت ریزی ‘ ڈکیتی اور خودکشی جیسے جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔ پورے ملک میں عصمت ریزی کے واقعات نے انسانیت کو شرمسار کر رکھا ہے اور یہ منشیات کا استعمال ہی ہے جس کی وجہ اب 6 ماہ کی بچیاں بھی عصمت ریزی کا شکار ہورہی ہیں۔ سب سے زیادہ افسوس کی بات یہ ہے کہ ایسے دل دہلادینے والے جرائم کے بدبختانہ واقعات کے باوجود بھی ہم اپنی سماجی ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہورہے ہیں۔ عالمی یوم انسداد منشیات اور غیرقانونی اسمگلنگ کے موقع پر پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرسنالیٹی ڈیولپمنٹ کے برادر شفیع نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ تنظیم ’’میں بھی میرے سماج کیلئے‘‘ کے صدر برادر شفیع نے کہا کہ منشیات‘ شراب اور دیگر نشہ آور چیزوں کا استعمال صرف نوجوانوں تک ہی نہیں بلکہ اسکول کے بچوں اور کالج کے طلباء میں بھی زور پکڑتا جارہا ہے۔ سماج کو برائیوں سے پاک کرنے اور انسانوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کیلئے علماء کو اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنا ہوگا۔ جمعہ کے خطبہ کے ذریعے ایسے کام کو فروغ دینے میں کافی مدد ملے گی۔

ڈاکٹر حمید الدین شرفی کے خطابات
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( راست ) : ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک بروز جمعہ ، قبل نماز جمعہ 12-30 بجے دن مسجد مالا کنٹہ ، معظم جاہی مارکٹ اور 1-30 بجے دن مسجد حسینی روڈ نمبر 3، بنجارہ ہلز میں ونیز بعد نماز جمعہ 3 بجے سہ پہر مسجد رضیہ حسین واقع درگاہ شرفی چمن سبزی منڈی میں شرف تخاطب حاصل کرینگے ۔۔

ڈاکٹر محمد سراج الرحمن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( راست ) : جامع مسجد جعفری صنعت نگر میں ڈاکٹر محمد سراج الرحمن فاروقی کا خطاب ’ ناگہانی حالات کا مقابلہ ‘ مشن پیغمبر اسلام ‘ پر ہوگا ۔ بعد نماز جمعہ مولانا غلام نبی شاہ نقشبندی کا لٹریچر دستیاب رہے گا ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( راست ) : مسجد شمس النساء بیگم ، قریب برکت پورہ بس ڈپو میں ختم دلائل الخیرات 28 جون کو بعد نماز جمعہ 3 بجے دن مقرر ہے ۔ نگرانی مولانا سرفراز اللہ چشتی کریں گے ۔ مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری بیان کریں گے ۔۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( راست ) : مسجد حسینی وجئے نگر کالونی میں بروز جمعہ بعد نماز مغرب مولانا مفتی محمد تجمل حسین قاسمی قرآن مجید کا درس دیں گے ۔۔

جامعہ ریاض الصالحات کی
افتتاحی تقریب
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( راست ) : جامعہ ریاض الصالحات ٹولی چوکی کا افتتاح 30 جون کو صبح 10-30 تا ایک بجے دن اسلامک سنٹر ، ٹومس روڈ ، ٹولی چوکی پر عمل میں آئے گا ۔ اس موقع پر علمائے کرام مخاطب کریں گے اور مولانا محمد یوسف اصلاحی رکن مرکزی مجلس شوریٰ جماعت اسلامی ہند صدارتی خطاب کریں گے ۔ خواتین کے لیے علحدہ انتظام کیا گیا ہے ۔۔

مرکزی سالانہ جشن ابوطالب
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( راست ) : ولادت باسعادت حضرت ابوطالب کے موقع پر روزنامہ دلدار ہند کے زیر اہتمام سالانہ مرکزی جشن حضرت ابوطالب 3 جولائی کو 8 بجے شب حسینیہ موسیٰ ابن جعفر ، پرانی حویلی روڈ میں زیر نگرانی حضرت میر ابراہیم علی حامی مقرر ہے ۔ سید عباس حیدر پرویز ، میر ہادی علی ، میر مظفر علی مجاہد خاں ، میر عباس علی سلیم قصیدہ خوانی کریں گے ۔ مولانا سید حیدر زیدی ، مولانا کامران حیدر عزیز خطاب کریں گے ۔ شعرائے کرام مسرس میر ابراہیم علی حامی ، غلام عسکری رشید ، ممتاز دانش ، رضا موسوی ، میر تقی میر ، تقی عابدی ، مولانا سید دلدار حسین عابدی ، مصرعہ طرح ( قافیہ احساں ، ردیف : ہے ابوطالب کا ) میں کلام پیش کریں گے ۔۔