مذہبی خبریں

   

جلسہ جشن رحمتہ للعالمین ؐ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( راست ) : محمد غوث قادری ایم جے پی صدر مرکزی سیرت کمیٹی سکنڈ لانسر محمدی لائن کے بموجب کمیٹی کے زیر اہتمام جلسہ رحمتہ للعالمینﷺ 7 نومبر بعد نماز عشاء سکنڈ لانسر محمدی لائن میں مقرر ہے ۔ سرپرستی مولانا سید محمد حمید الدین حسینی قادری شرفی ، مولانا سید درویش محی الدین مرتضیٰ پاشاہ قادری کریں گے ۔ اس جلسہ میں مولانا محمد عبید اللہ خاں اعظمی ( یو پی) ، مولانا مفتی حسن خاں اشرفی ( ممبئی ) کے علاوہ مقامی علماء کرام مولانا سید عبدالمعز شرفی قادری ، مولانا حسان فاروقی ، مولانا مفتی ذاکر حسین نوری قادری ، مفتی مولانا محمد مستان علی قادری ، مولانا سید متین علی شاہ ، مرزا جعفر بیگ صادق رضوی القادری کے خطابات ہوں گے ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا شیخ شاہ محمد تاج الدین جنیدی گلبرگہ شرکت کریں گے ۔ جلسہ کا آغاز قاری محمد محبوب قادری کی قرات اور راشد عبدالزراق میمن ، جناب عارف اللہ بیگ قادری ، جناب اسد خاں ، محمد سلمان قادری کی نعت شریف سے ہوگا ۔ نظامت کے فرائض مولانا عبدالعزیز قادری انجام دیں گے ۔۔
٭٭ انجمن اصلاح البنین تنظیم طلبہ کلیتہ البنین کے زیر اہتمام 9 ربیع الاول جشن میلاد النبیؐ کی محفل 12 بجے دن تا قبل ظہر کلیتہ البنین مغل پورہ مفتی محمد حسن الدین کی صدارت میں مقرر ہے ۔ خصوصی خطاب مفتی محمد عبدالواسع احمد صوفی کا ہوگا ۔۔
٭٭ ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام جشن میلاد النبیؐ 7 نومبر مغرب تا عشاء مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی ، شکر گنج مقرر ہے ۔ مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نگرانی کریں گے اور مولانا قاری علی محمد نقشبندی کا خصوصی خطاب ہوگا ۔۔
٭٭ بضمن عظمت مصطفی کانفرنس 9 ربیع الاول مدرسہ دارالعلوم رحیمیہ چنچل گوڑہ بعد نماز عصر مقرر ہے ۔ مفتی محمد مستان علی قادری ، مولانا حافظ محمد عمران ، مولانا حافظ محمد غوث عادل مخاطب کریں گے ۔۔
٭٭ جامع مسجد زعل سیف سعید عیدی بازار میں 7 نومبر بعد نماز مغرب محفل میلاد النبیؐ منعقد ہے ۔ مولانا سید شاہ وسیم الدین احمد اسدی قادری کا خطاب ہوگا ۔۔
٭٭ خانقاہ حضرت سید شاہ حسن قادری الجیلانی ( حسن میاں ) نبیرہ حضرت سید شاہ جلال الدین جمال البحر معشوق ربانی زیارت آثار مبارک 12 ربیع الاول اتوار دوپہر 3 بجے تا رات 9 بجے شب تک اہتمام کیا گیا ہے ۔ بمقام گولی پورہ نزد مسجد شکور محمد صاحب درگاہ حضرت میر مومن صاحب عقبی گیٹ کے قریب ۔خواتین کے لیے پردہ کا نظم کیا گیا ہے ۔ ۔
٭٭ جلسہ میلاد النبیؐ 9 ربیع الاول بعد نماز عشاء مہدی کالونی رنگ روڈ نزد منڈل زیر نگرانی جناب سید مظہر علی قادری ملتانی مقرر ہے ۔ مولانا سید محمود پاشاہ قادری زرین کلاہ ، مولانا سید خالد قادری ، مولانا محمد مجیب خاں ، جناب محمد وہاب پاشاہ قادری ، مولوی محمد عبدالرحیم قادری مخاطب کریں گے ۔ زیارت آثار مبارک بعد نماز عصر برائے خواتین بعد مغرب تا عشاء برائے مرد حضرات کروائی جائے گی ۔۔

جشن ہائے میلاد النبیؐ برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( راست ) : جامعتہ المومنات مغل پورہ میں 9ربیع الاول عصر تا مغرب جشن میلاد النبیؐ کی محفل مفتیہ رضوانہ زرین کی صدارت میں مقرر ہے ۔ مفتیہ انیس فاطمہ کا خطاب ہوگا ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( راست ) : مولانا عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 7 نومبر کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد کیا جارہا ہے ۔ کارروائی مفتی محمد ریحان قاسمی چلائیں گے ۔ حضرت مفتی الیاس مخاطب کریں گے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

جشن میلاد
٭٭ کل ہند مرکزی مجلس اہلسنت و جماعت کے زیر اہتمام 7 نومبر کو بعدنماز عشاء اندرون تعلیم ملڑ پلے گراونڈ فتح دروازہ جلسہ میلاد النبیؐ مقرر ہے ۔ مولانا سید شجاعت علی سراج قادری صدارت کریں گے ۔ مولانا محمد باقر علی صدیقی ، مولانا سید عبدالواسع قادری ، جناب مرزا شاہ نواز بیگ قادری کے خطابات ہوں گے ۔۔
٭٭ ایوان فاضل و عاقل بمکان مولانا عاقل حسامیہ منزل پنجہ شاہ میں 7 نومبر 9 بجے شب مرکزی جلسہ سیرت النبیؐ مقرر ہے ۔ نگرانی مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ کریں گے ۔ جلسہ کا آغاز قاری عبدالقیوم شاکر تلاوت سے ہوگا اور ہدیہ نعت ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری ، محمد احمد محی الدین حسامی ، حافظ نصیر الدین ، مصطفی صدیقی پیش کریں گے ۔ مولانا شیخ طاہر حسامی ، مولانا غوث محی الدین کے علاوہ مولانا عبدالباقی مخاطب کریں گے ۔ نیز نگران جلسہ کا بھی خطاب ہوگا ۔ خواتین کے لیے پردوں کا معقول نظم ہے ۔۔
٭٭ جشن میلاد النبیؐ و زیارت آثار مبارک و ماہانہ فاتحہ حضرت سید محمد جیلانی قادری کلیمی ؒ کی 7 نومبر کو بعد نماز عشاء آستانہ قطب صاحب میں مقرر ہے ۔ بعد عشاء محفل قصیدہ بردہ شریف پیشکشی چادر گل تبدیلی غلاف مبارک دعا سلام ہوگا ۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مولانا سید غیاث الدین چشتی معینی ( اجمیر شریف ) ، مولانا سید سعادت اللہ بخاری قادری شرکت کریں گے ۔ مولانا سید محمد غوث قادری کلیمی نگرانی کریں گے ۔۔

گولڈ میڈل نعتیہ مقابلہ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( راست ) : مجلس فیضان وجہ تخلیق کائنات کے زیر اہتمام سالانہ گولڈ میڈل نعتیہ مقابلہ برائے طلباء ( لڑکے ) 16 نومبر کو صبح 10 بجے اور 17 نومبر اتوار کو 2 بجے دن آستانہ حضرت پیر جی ابوالعلائی ؒ روبرو بس اسٹانڈ چارمینار پنچ محلہ مقرر ہے ۔ نگرانی مولانا الحاج صوفی سید شاہ افتخار محی الدین قادری ابوالعلائی صدر مجلس کریں گے ۔ مقابلے میں 15 سال سے کم عمر کے طلباء ( صرف لڑکے ) حصہ لے سکتے ہیں ۔ جس کے لیے داخلہ فارمس بلا ہدیہ آستانہ حضرت پیر جی قبلہ ابوالعلائی پنچ محلہ چارمینار سے روزانہ صبح 11 تا 9 بجے شب حاصل کرسکتے ہیں ۔ تفصیلات کے لیے 9948960345 ۔ 7093049462 پر ربط کریں ۔۔

حمیدیہ میں آج نویں محفل میلاد النبیؐ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( راست ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک) اور مجلس انتظامی درگاہ شریف حضرت تاج العرفاء کے زیر اہتمام 9 ربیع الاول صبح 8 بجے تا 9-30 بجے دن حمیدیہ واقع شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں جاری 26 روزہ محافل میلاد النبیﷺ کے سلسلہ کی نویں محفل منعقد ہوگی ۔ صاحبزادہ سید محمد علی موسیٰ رضا حمیدی علی پاشاہ ، پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی اور مولانا سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی کے خطابات ہونگے بعد ازاں نگران محفل ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک مخاطب کریں گے ۔ نعت خواں حضرات نعت شریف کے نذرانے پیش کریں گے ۔۔

مومن کی ساری زندگی کا حصول رضائے الہیٰ
مسجد عالیہ میں محفل اقبال شناسی سے جناب محمد ضیا الدین نیر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : حضور اکرم ﷺ کا فرمان ہے من عرف نفسہ ، فقد عرف ربہ ، ( جس نے اپنے نفس کو پہچانا اس نے اپنے رب کو پہچانا ) ۔ اقبال نے اس خود شناسی کو خودی سے تعبیر کیا ہے ۔ مومن کا کام دنیا کی طاقتوں کو مسخر کرنا ہے اس کے آگے جھکنا نہیں ہے ۔ وہ خدا کا تابع فرمان ہے اور دنیا کی تمام طاقتیں اس کی تابع فرمان ہیں ۔ اس کا نام توحید ہے ۔ عرفان ذات ، خود آگہی ، ایمان و یقین کی گہرائی ، جرات و شجاعت ، عزم و استقلال ، ذوق تسخیر اور کائنات کو مسخر کر کے توحید کا یہ راز آشکار کرنے والی قوت کا نام خودی ہے ۔ خودی کا اصل جوہر توحید ہے ۔ مومن کا مقصد صرف رضائے الہیٰ سے ہوتا ہے ۔ اس کی ساری زندگی اسی مقصد کے حصول میں گزرتی ہے اور اسے حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ دین پر خود عمل کرنا اور پھر دنیا میں اسے اور عہدہ قبول کرنے سے گریز کرنا ہے ۔ آج لوگ سرداروں ، جاگیر داروں اور معمولی عہدیداروں سے دوستی اپنے لیے باعث فخر اور باعث عزت سمجھتے ہیں ۔ ان کی خوشامد کرتے ہیں ۔ ان کی ہاں میں ہاں ملاتے ہیں ۔ حالانکہ ساری عزت اللہ تعالیٰ کے لیے ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد ضیا الدین نیر نے کلام اقبال میں مرد مومن کی صفات ، کے موضوع پر ، کانفرنس ہال جامع مسجد عالیہ میں محفل اقبال شناسی کی 998 ویں نشست کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ اس محفل کا آغاز حافظ محمد تنوید احمد کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ کنوینر محافل عالیہ جناب غلام یزدانی سینئیر ایڈوکیٹ نے مقرر اور موضوع کامختصراً تعارف کرایا ۔ مقرر نے مزید کہا کہ سوال کرنے اور مانگنے سے بھی انسان کی عزت و آبرو پر حرف آتا ہے ۔ اس کی خودی میں ضعف اور کمزوری واقع ہوتی ہے ۔ اس لیے اس سے بھی بچنا لازم ہے ۔ مومن سکون کے بجائے حرکت کا قائل ہے ۔ مومن طاغوتی طاقتوں کا مقابلہ کرنے باطل کو سرنگوں کرنے اور کلمہ کو بلند کرنے کے لیے ہمیشہ کفن بردوش ہوتا ہے ۔ اسے موت اتنی ہی عزیز ہوتی ہے جتنی ایک دنیا دار آدمی کو زندگی ۔ مسلمانوں کی زندگی میں اللہ کی راہ میں شہادت حاصل کرنے کا شوق اور ولولہ تھا اس لیے ان کے اندر بڑی قوت تھی ۔ آخر میں دعا پر محفل کا اختتام ہوا ۔۔

ینگ مین مسلم اسوسی ایشن کا جلسہ
جشن رحمتہ للعالمینؐ انعامات کی تقسیم
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( راست ) : ینگ مین مسلم اسوسی ایشن کے زیر اہتمام بروز جمعرات 7 نومبر کو اردو گھر مغل پورہ میں صبح 10 بجے دن جشن رحمتہ للعالمین ﷺ مقرر ہے ۔ جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے پروفیسر محمد مصطفی علی سروری اور جناب محمد حکیم خیر الدین صوفی ، جناب محمد ممشاد پاشاہ قادری اور جناب الیاس طاہر شرکت کریں گے ۔ جناب اعجاز علی قریشی ایڈوکیٹ خطبہ استقبالیہ دیں گے اور نعتیہ مشاعرہ بھی منعقد ہوگا ۔ تقریب میں تحریری مقابلہ کے شرکا کو انعامات کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔۔

مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی لیڈیز ونگ
کا جلسہ میلاد لنبیؐ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( راست ) : مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی ( لیڈیز ونگ ) کے زیر اہتمام جلسہ میلاد النبیؐ بروز ہفتہ 9 نومبر کو سہ پہر 3 بجے نصر اسکول خیریت آباد میں مقرر ہے ۔ خواتین دکن سے شرکت کی گزارش کی جاتی ہے ۔۔

ایم بی ٹی کا
مرکزی جلسہ رحمتہ للعالمینﷺ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( راست ) : مجلس بچاؤ تحریک کے زیر اہتمام مرکزی سالانہ جلسہ رحمتہ للعالمینؐ 12 نومبر بعد نماز عشاء جونیر کالج چنچل گوڑہ گراونڈ پر مقرر ہے ۔ جس میں ملک و بیرون ملک کے علماء اکرام و مشائخین عظام شرکت کریں گے ۔ نائب معتمدین استقبالیہ مسرس اجمل الدین فاروقی ، راشد ہاشمی ، سکندر مرزا اور ماجد خاں نے عامتہ المسلمین سے گزارش کی کہ وہ جلسہ کے انتظامات و انصرام کی کامیابی کے لیے فراخدلانہ تعاون کریں جو حضرات ٹوکن بکس حاصل نہیں کئے وہ دفتر تحریک سے حاصل کرسکتے ہیں ۔ اور جو بکس حاصل کئے ہیں وہ جلد سے جلد خازن کے پاس رقم جمع کروانے کا مشورہ دیا ہے ۔۔