مذہبی خبریں

   

نعتیہ محفل
حیدرآباد ۔ 25 ۔ دسمبر : ( راست ) : بزم غوث اعظم ویلفیر سوسائٹی کے زیر اہتمام نعتیہ محفل مدرسہ محمدیہ مسجد کوکہ ٹٹی حسینی علم میں 26 دسمبر کو بعد نماز مغرب مقرر ہے ۔ سرپرستی مفتی غلام احمد قریشی نقشبندی صدر کل ہند مرکزی مجلس شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کریں گے جب کہ صدارت مولانا امیر محمد اصغر نقشبندی ، مرزا قدرت اللہ بیگ بابر اور نگرانی مولانا محمد محسن خلیلی قادری محمد حسن کریں گے ۔۔

مولانا محمد یونس شاہ
تعارف حضرت شیخ اکبر محی الدین ابن عربی ؓ
ٓٓاولیا ئے عظام اور صوفیا ئے کرام کی تاریخ میں حضرت شیخ اکبر محی الدین ابن عربی ؒ سے مسلمانوں کے بہترین دماغ متاثر ہوئے ہیں وہ تفسیر میں یکتا حدیث کے فن سے واقف منطق اور فلسفے کے رمز آشنا تھے ان کے فنکار میں ایسی کشش پائی جاتی ہے جو ہر ذی شعور کا دامن پکڑ کر اپنی طرف متوجہ کرتی ہے معرفت الٰہی کی راہ تلاش کرنے والوں نے ان کی تصانیف کو آنکھوں سے لگایا ہے ۔ ۱۷رمضان ۶۰ ۵ ھ مطابق ۲۸ ؍جولائی ۱۱۶۵ء کو حضرت محی الدین ابن عربی ؒاسپین کے مشہور شہر مرسیہ میں پیداہوئے۔حضرت ابن عربی ؒکا خاندان مذہبی تقدس کی وجہ سے مشہور تھا ان کے والد ماجد ابن الحاطمیؒ اور دو چچا صوفی مشرب اور پاکیزہ خصلت بزرگ تھے عنفوان شباب ہی میں حضرت ابن عربی ؒ نے حضرت شیخ ابو مدین الشعیب المغربی ؒ کے ہاتھ پر بیعت کی جن کو حضرت شیخ عبد القادر جیلانی ؒ سے خلافت حاصل تھی۔ مصر۔حجاز۔بغداد ۔اور ایشائے کوچک ہر جگہ گئے عمر کا بیشتر حصہ مسافر انہ حالت میں گذارا ۲۸؍ربیع الثانی ۶۳۸ھ مطابق اکٹوبر ۱۲۴۲ء کودمشق میں واصل بحق ہوئے دمشق میں قیام کا فیصلہ انہوں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان کی اتباع میں کیا تھا جس میں آپ ؐ نے فرمایا ہے کہ ملک شام کی سکونت کو اپنے اوپر لازم کرلوکیونکہ اللہ تعالیٰ کی زمینوں میں سے یہ ایک برگزیدہ زمیں ہے اور اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ بندے اس کی طر ف راغب ہوتے ہیں ۔شیخ اکبر ؒ اور وحدت الوجود:اسلام میں وحد ت الوجود کا عقیدہ حضرت ابن عربی ؒ سے منسوب کیا جاتا ہے ۔ اہل شریعت اور اہل طریقت جن میں بڑے بڑے عالم اور امام شامل ہیں یہ مسلم ہے کہ یہ عقیدہ (وحدۃالوجود)بہ سند متصل رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے صحابہ کرام ؓ حضرت ابوبکر صدیق ؓ اور حضرت علی ؓاور پھر سارے اہل اللہ تک پہونچتا ہے قرون اولیٰ میں یہ عقیدہ خواص کو ان کے استعدادباطن کے لحاظ سے تلقین کیا جاتا تھا حضرت ابن عربی ؒ نے اس عقیدے کو قرآن اور حدیث کے حوالے سے بہ صراحت پیش کیا اور اپنی تصانیف کی مستقل بنیاد۔وحدۃالوجود کا عقیدہ کہ موجود ایک ہی ہے اوروہ ؔاللہ سبحانہ وتعالیٰ ہے خالص اسلامی ہے اور یہ اس سے پہلے اسلام میں رائج تھا دراصل وحدۃ الوجود ، وحدہ لاشریک لہ کے مترادف ہے۔ہر سال ۲۹ ربیع الثانی کو حضرت مولانا غوثوی شاہ کے زیر نگرانی قائم ہے۔جو دورِحاضر میںمسلۂ وحدۃالوجود کے امام سمجھے جاتے ہیںاور انہوںنے اب تک قرآن و حدیث کے مستند حوالوں سے ستّر ۷۰ کتابیںتصنیف فرمائی ہیں اور اخباراتِ ہذا میں اُنکے بیانات کو کافی پسند کیا جاتا ہے۔ حضرت شیخ اکبر ابن عربیؓ پرمولاناغوثوی شاہ نے ایک شاندارکتاب “تذکرۂ حضرت شیخ اکبر ابن عربی ؓ بھی قلمبند کی ہے۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 25 ۔ دسمبر : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب بروز جمعرات بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ جلسہ کی کارروائی مولانا شیخ اسد اللہ یاسر چلائیں گے ۔ مفتی عبدالمہیمن اظہر مخاطب کریں گے ۔۔

عرس حضرت شیخ اکبر ابن عربی ؓو
حضرت مچھلی والے شاہ ؒ
حیدرآباد ۔25ڈسمبر (راست) مولانا غوثوی شاہ کی نگرانی میں اعراس شریف حضرت شیخ اکبر ابن عربی ؓ و حضرت سیّد سُلطان محمود اللہ شاہ حُسینی حضرت کمال اُللہ شاہ المعروف حضرت مچھلی والے شا ہ ؒ 27ڈسمبر بروزجمعہ بہ مسجد کریم اللہ شاہ ؒ واقع بیگم بازار میں مقرر ہے ۔ بعد نمازِ عصراجتماع بہ مزار حضرت مچھلی والے شاہؒ برائے فاتحہ پیشکشی چادرگل،بعد ازیں، اجتماع بہ مزار حضرت سید سلطان محمود اللہ شاہؒ۔بعد نمازِ مغرب بمسجد کریم اللہ شاہؒواقع بیگم بازار حیدرآباد جناب مجاہد علی حکیمی کی قرائت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوگا ،مولاناخواجہ عظیم الدین روشن ،مولانا عبدالرفیق جنیدی شاہ ، مولاناکریم پاشاہ ،مولاناکریم محی الدین شاہ اور دوسرے خلفائے کرام کے علاوہ مولانا غوثوی شاہ بھی جلسہ کو مخاطب کرینگے۔ دوسرے دن28ڈسمبر بروز ہفتہ 10بجے دن فورٹ ویو کالونی، روبرو ہیپی ہوم ایونیو، اُپرپلی،حیدرآباد،بیت النور میں ختم قرآن کے بعد نغمہء چشت سماع ہوگا اور تین بجے نمازِ ظہر بہ جماعت ادا کی جائیگی۔ جناب شاہد پیراں ،خالدؔپاشاہ ،کریم اللہ شاہ فاتح اوراکرام اللہ شاہ نے شرکت کی خواہش کی ہے۔

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 25 ۔ دسمبر : ( راست ) : نبیرہ قطب الاقطاب حضرت سیدنا خواجہ محبوب اللہ ؒ و قطب دکن حضرت سیدنا فقیر پاشاہؒ حضرت سید شاہ جعفر صادق حسینی القادری ؒ کا عرس شریف درگاہ حضرت سیدنا فقیر پاشاہ ؒ نزد عیدگاہ میر عالم تاڑبن باقر نگر میں 29 ربیع الثانی تا یکم جمادی الاول زیر نگرانی سجادہ نشین مقرر ہے ۔ 29 ربیع الثانی صندل مبارک بعد عصر عدیگاہ سے درگاہ شریف پہنچے گا ۔ بعد مغرب ختم قرآن ، گل افشانی و محفل سماع ہوگی ۔ 28 دسمبر محفل چراغاں بعد مغرب قصیدہ بردہ شریف محفل سماع و چادر ہوگی ۔ 29 دسمبر صبح 11 تا 12 بجے ختم قرآن مجید ، 12 تا 2 بجے محفل سماع ہوگی ۔۔
٭٭ حضرت شیخ جی حالی ابوالعلائی ؒ کا عرس شریف مرکزی آستانہ ابوالعلائیہ اردو شریف بہ قیادت مولانا صوفی شاہ محمد مظفر علی چشتی ابوالعلائی 27 دسمبر بعد مغرب مقرر ہے ۔ 28 دسمبر 7 تا 8 بجے صبح ختم کلام پاک اور بعد نماز مغرب تا 10 ساعت شب سماع خانہ قاسمی میں محفل سماع منعقد ہوگی ۔ 29 دسمبر اتوار بعد نماز مغرب تا 10 بجے شب محفل سماع و قل شریف ہو کر تقاریب عرس کا اختتام عمل میں آئے گا ۔۔

ملک کو تقسیم سے بچانے
آج دعائیہ اجتماع
حیدرآباد ۔ 25 ۔ دسمبر : ( راست ) : خانقاہ قادریہ ابراہیمیہ حیدرآباد کے زیر اہتمام جمعرات 26 دسمبر کو بعد نماز عشاء پنشن پورہ روبرو عیدگاہ گراونڈ لنگر حوض مقرر ہے ۔ مولانا پیر صوفی شیخ کریم الدین علی شاہ قادری الازہری سرپرستی کریں گے ۔ مولانا شیخ قادر محی الدین قادری خطاب کرینگے ۔۔

جلسہ تعزیت
مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر
حیدرآباد ۔ 25 ۔ دسمبر : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر نقشبندی کا جلسہ تعزیت بروز جمعرات 26 دسمبر کو مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج میں بعد نماز مغرب مقرر ہے ۔ سرپرستی مولانا مفتی محمد عظیم الدین اور نگرانی مولانا سید شاہ محمد قبول بادشاہ شطاری اور صدارت مولانا محمد مصطفی شریف کریں گے ۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے علماء کرام شرکت کریں گے ۔۔