مذہبی خبریں

   

شریعت محمدیؐ پر عمل پیرا ہونے پر فتح و کامرانی
معراج النبیؐ کانفرنس کے ضمن اجلاس، ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز قادری شرفی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 مارچ (راست) عصرحاضر میں امت مسلمہ کو سارے عالم میں جس طرح کے چیلنجس درپیش ہیں وہ اس بات کی طرف اشارہ ہیکہ آج مسلمانان عالم اسلام سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ آج مسلمان جہاں سیرت طیبہ اور فرائض اسلام کو فراموش کررہے ہیں وہیں باطل طاقتیں اپنا سر اٹھارہی ہیں۔ قوم مسلم یہ بھول چکی ہیکہ رب تعالیٰ نے فرمایا کہ تم وہ قوم ہو جو دوسروں کو نیکی کی طرف بلانے والی اور برائیوں سے روکنے والی ہے لیکن آج دیکھا جارہا ہیکہ قوم مسلم برائیوں کو بڑے ہی آسان طرز پر اپنانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔ جب تک مسلمان دین اسلام پر سختی سے عمل پیرا تھے اس وقت تک سارے عالم پر مسلمانوں کی حکومت کا جھنڈا لہراتا تھا۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیراہتمام سلور جوبلی کے موقع پر انٹرنیشنل معراج کانفرنس کے ضمن میں منعقدہ اجلاس قادریہ اسلامک سنٹر دبیرپورہ سے مولانا ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز قادری شرفی نے کیا۔ صدارت محمد شاہد اقبال قادری (صدر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی) نے کی۔ سید محمد شاہ ملتانی قادری نے کہا کہ آج والدین کا اہم فریضہ ہیکہ وہ اپنی نسلوں کو اسلام کی تعلیمات کے ساتھ نبی پاکؐ، صحابہ کرام، اہلبیت اطہار کی سیرت طیبہ کا درس دیں تاکہ ان کے دلوں میں دنیا کی محبت جگہ نہ کرسکے۔ مولانا اقبال احمد رضوی نے کہا کہ آج مسلمان دنیاوی خواہشات، دولت و حشمت کی چاہت میں اس طرح مبتلاء ہوچکے ہیں کہ انہیں اپنے دین اور فرائض کو سمجھنے وقت تک نہیں ملتا۔ قرآن پاک میں حکم ہیکہ تم جب کبھی مشکل حالات سے گذرو تو نماز اور صبر سے مدد لیا کرو۔ مولانا محمد عبدالنعیم قادری نظامی (نائب رحمت عالم کمیٹی) نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات سے ہر مسلمان فکرمند نظر آتا ہے لیکن مسلمان اپنے دین اور اپنی آخرت کی فکر کو بھول چکا ہے۔ لہٰذا آج ہمارے لئے لازم ہوچکا ہیکہ ہم اپنی اولاد کو دین سکھائیں اور مضبوط ایمان والا بنائیں۔ محمد شاہد اقبال قادری نے کہا کہ عالم اسلام کے مسلمانوں کے حالات آج ہمارے سامنے ہیں۔ ہر جگہ دشمنان اسلام اپنی ناپاک و مذموم کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔ آج ہمیں اپنی کوتاہیوں اور غلطیوں کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ کمیٹی کے زیراہتمام عظیم الشان فقیدالمثال انٹرنیشنل معراج کانفرنس 22 مارچ اتوار کو بعد نماز عشاء چنچل گوڑہ جونیر کالج گراونڈ نزد دبیرپورہ پر عمل میں آئے گا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے عالم اسلام کے عظیم اسلامک اسکالر کی ساوتھ افریقہ، کچھوچھہ شریف، نیپال سے شرکت متوقع ہے۔ اجلاس میں محمد عادل اشرفی، سید لئیق قادری، سید طاہر حسین، ملک ابراہیم علی خاں خالد، مولانا ممتاز اشرفی، محمد عظیم ایڈوکیٹ، محمد عمر قادری، محمد ادریس، محمد عمران خان رضوی، سید عرفان، محمد عظیم قادری، محمد عبیداللہ سعدی قادری اشرفی اور اراکین نے شرکت کی۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام و دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مارچ : ( راست ) : جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ بال ریڈی نگر میں بروز جمعرات درس قرآن بمکان عبدالرب عقب مسجد بلال ٹولی چوکی میں منعقد ہوگا ۔۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ سمتا کالونی میں درس قرآن اور درس حدیث بروز جمعرات بعد نماز فجر بمکان عبدالباسط سات گنبد روڈ منعقد ہوگا ۔ جناب محمد عبدالسبحان تذکیر پیش کرینگے ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مارچ : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 5 مارچ کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا سید احمد ومیض ندوی مخاطب کریںگے ۔۔
٭٭ حافظ محمد مصطفی کے بموجب 5 مارچ بعد نماز مغرب مدرسہ تنویر الاسلام نیو ملے پلی جلسہ اصلاح معاشرہ مقرر ہے ۔ مولانا حافظ عبدالصمد ندوی کا خصوصی خطاب ہوگا ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

جشن مولود کعبہؓ و قطب المشائخ غریب نوازؓ
حیدرآباد /4 مارچ ( راست ) محمد عبدالرزاق شاہ قادری جنیدی کے بموجب جشن مولود کعبہ حضرت سیدنا علی المرتضی ا کرم اللہ وجہہؓ و سلطان المشائخ حضرت سیدنا خواجہ معین الدین حسن سنجریؓ آستانہ عالیہ قادریہ حق چمن شاہ علی بنڈہ ہری باؤلی موڑ بارگاہ حضرت الحاج حافظ سید عبداللہ شاہ ولی قادری قبلہؒ میں 5 مارچ بروز جمعرات مقرر ہے ۔ بعد نماز عشاء محفل درود شریف و ذکر جہری بعد ازاں محفل سماع زیر نگرانی مولانا محمد اللہ شاہ قادری سرخیل منعقد ہوگی ۔
٭٭ جشن حضرت خواجہ غریب نواز و ماہانہ فاتحہ حضرت سید محمد جیلانی احمد قادری کمیٹی 5 مارچ جمعرات بعد نماز عشاء آستانہ قطب صاحب ’’ نزد لوہے کا چارمینار ہائی ٹیک سٹی میں مقرر ہے ۔ نگرانی مولانا سید محمد غوث قادری کلیمی کریں گے ۔ حضرت خواجہ محمد نصر المحمود تینسوی مہمان خصوصی ہوں گے ۔ حافظ محمد صادق علی کی قرات کلام پاک و عارف نعیم کی نعت شریف سے آغاز ہوگا ۔ پروگرام کے مطابق بعد عشاء حلقہ ذکر و اذکار پیشکشی چادرگل ، تبدیل غلاف مبارک دعاء سلام ہوگا اور محفل سماع ہوگی ۔

جشن مولود کعبہ
حیدرآباد /4 مارچ ( راست ) جشن مولود کعبہ زیر اہتمام ادارہ مرکز روحانی بروز جمعرات 8 بجے صبح الاوہ سرطوق مبارک ، دارالشفاء میں مقرر ہے ۔ جس میں قصیدہ خوان حضرات مہدی علی ، مختار علی ، تراب علی و مظفر علی مجاہد خان قصیدہ خوانی کریں گے ۔ مولانا سید دلدار حسین عابدی خطاب کریں گے ۔ ونیز شعرائے کرام مسرس ممتاز دانش ، میر محمد تقی علی خان رضوی میرؔ ۔ مظہر عابدی ، تقی عابدی گلبرگوی ، کوثرؔ رضوی ، اکبر علی مومنؔ علی جواد شہپرؔ بارگاہ امیر کائنات میں نذرانہ عقیدت پیش کریں گے ۔

بہ مسرت ولادت مولود کعبہ سیدنا علی کرمؓ مختلف امراض کی ادویات مفت تقسیم
حیدرآباد /4 مارچ ( راست ) بہ مسرت ولادت مولود کعبہ سیدنا علی کرم اللہ وجہہ جوڑوں کے درد ، گھٹیا ، وجع المقاصل کی دوا ’’ دواخانہ غوثیہ ‘‘ کومٹ واڑی دبیرپورہ متصل مسجد شاہ بیگ پر 8 مارچ بروز اتوار 7 بجے شام مفت تقسیم کی جائے گی ۔ ضرورت مند حضرات اوقات دواخانہ شام 7 تا 10 بجے شب اپنے نام 6 مارچ تک درج کروالیں ۔