مذہبی خبریں

   

رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف کی اہمیت وفضیلت
مولانا مفتی عبدالمغنی مظاہری کابیان
حیدرآباد /13 مئی (پریس نوٹ ) مولانا مفتی عبدالمغنی مظاہری صدر سٹی جمیعتہ العلماء حیدرآباد نے کہا اسلام میں اعتکاف اہم عبادت ہے ،مسجدوں کے قیام کے مقاصد میں ایک اہم مقصد اعتکاف بھی ہے جیسا کہ خانہ کعبہ کی تعمیر کے وقت اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہما السلام سے عہد لیا تھا کہ وہ خانہ کعبہ کوپاک وصاف رکھیں نمازیوں کیلئے ، طواف کرنے والوں کیلئے اور اعتکاف کرنے والوں کیلئے دنیا بھر کی تمام مسجدوں کو خانہ کعبہ سے نسبت ہے ، اس لئے مسجد یں جس طرح نماز کیلیے قائم کی جاتی ہیں اسی طرح اعتکاف کیلئے بھی ہوتی ہیں ۔ فقہاء نے اس اعتکاف کو سنت مؤکدہ علی الکفایہ قراردیا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ علاقہ ومحلہ میں کوئی ایک مسلمان بھی اپنے علاقہ ومحلہ کی مسجد میں رمضان کے آخری عشرہ کا اعتکاف کرلے تو بقیہ مسلمانوں کی طرف سے اعتکاف کی سنت ادا ہوجائے گی اگر کوئی بھی اعتکاف نہ کرے تو سب مسلمان ترک سنت کے گنہ گار ہوں گے، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ سے لے کر آج تک اس اعتکاف کا معمول باقی ہے اور قیامت تک باقی رہے گا۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( راست ) : حضرت سید شاہ غلام حسن شطاریؒ ( ثانی ) المعروف حضرت شاہ سعدوبنے ؒ کا عرس شریف آستانہ شطاریہ دبیر پورہ روبرو مسجد یسین جنگ 21 رمضان بعد نماز عصر مقرر ہے ۔ صندل مالی 5-15 بجے شام مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری سجادہ نشین انجام دیں گے ۔۔

مرکزی نعتیہ محفل کا انعقاد
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( راست ) : ادارہ مرکزی روحانی کے زیر اہتمام ماہانہ مرکزی نعتیہ محفل جو لائیو ٹیلی کاسٹ تھا میں مسرس تراب علی تراب کے کلام پاک سے آغاز ہوا ۔ میر مظفر علی مجاہد خاں نعت پاک پیش کیا ۔ شعراء کرام سید مسرور عابدی ، ممتاز دانش ، تراب علی ، عبدالراشد ، عباس سلیم قادری ، سید مصطفی ، رضا علی نعتیہ کلام پیش کیا ۔ صدر محفل مولانا سید دلدار حسین عابدی نے نعتیہ کلام پیش کیا اور خطاب کیا ۔۔

حضرت علیؓ کو خانہ کعبہ میں ولادت کا امتیازی شرف ، حافظ صابر پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( راست ) : حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے آن لائن کلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امیر المومنین حضرت سیدنا علی ؓ حضور اکرم ؐ کے چچا زاد بھائی ہیں جن کی تربیت آپ ؐ کے گھر ہوئی ۔ حضرت علیؓ نے کم عمری میں ہی اسلام قبول کرلیا ۔ خلیفہ چہارم حضرت علیؓ کا شمار عشرہ مبشرہ میں ہوتا ہے ۔ حضرت علی ؓ نے دین اسلام کی آبیاری اور حق و عدالت کے نفاذ میں حکمت و دانش ، مساوات ، شجاعت ، تسلیم صبر و رضا کے غیر معمولی عملی نمونے پیش کئے ۔ غیر مسلم مورخین بھی آپ ؓ کی عظمتوں کے معترف ہیں ۔۔

مجلس عزاء
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( راست ) : جناب اشرف عباس کے بموجب مجلس عزاء بروز جمعرات 8-30 بجے صبح الاوہ سرطوق مبارک دارالشفاء مقررہے ۔ مسرس مہدی علی ، تراب علی مرثیہ خوانی کریں گے ۔ مولانا سید دلدار حسین عابدی خطاب کرینگے ۔۔