مذہبی خبریں

   

آخری عشرہ میں کثرت عبادت ، نبوی ؐ کا معمول ، حافظ صابر پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد :۔ خطیب و امام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاوز نامپلی حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے ’ آخری عشرہ میں کثرت عبادت کا نبویؐ معمول ‘ عنوان پر آن لائن خطاب کرتے ہوئے بتلایا کہ جب ہم ماہ رمضان المبارک کو اس تناظر میں دیکھتے ہیں تو ہمیں اس کے ہر ہر لمحے میں رحمتوں کی برسات ایک منفرد شان کے ساتھ پیاسوں کو ڈھونڈتی اور سیراب کرتی نظر آتی ہے ۔ چونکہ یہ مہینہ برکتوں کا ایک بحر بیکراں ہے ۔ رمضان المبارک کے آخری عشرہ کے دن رات مسلمانوں کے لیے خصوصی عبادات ، اعمال صالحہ اور توجہ و انہماک کے دن ہیں ۔ بیس روز گزر جانے کے بعد ماہ رمضان المبارک پابہ رکاب مہمان کی حیثیت اختیار کرلیتا ہے تب ہر گزرتا ہوا لمحہ اس کی روانگی اور فرقت کی اطلاع دے کر اداسیاں بکھیرنا شروع کردیتا ہے ۔ رمضان کے تین عشرے تین مختلف خصوصیات کے حامل ہیں اور ہر ایک عشرے پر اللہ تعالیٰ کی رحمت کا خصوصی رنگ غالب ہے ۔ جیسا کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا رمضان کا پہلا عشرہ رحمت ، دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرا عشرہ دوزخ سے آزادی کا ہے ‘ ۔ شب قدر ایک عظیم و بے مثال رات ہے جو فقط امت محمدیہؐ کو عطا کی گئی ہے ۔ جس نے بھی لیلۃ القدر میں ایمان اور اجر و ثواب کی نیت سے قیام کیا اس کے (لیلۃ القدر کے قیام سے ) پہلے جتنے گناہ تھے سب معاف کردئیے جاتے ہیں ۔۔

رمضان کی رخصتی اہل ایمان کیلئے صبر آزما
مدرسہ شاہ جیلاںؓ میں مولانا ذاکر نظامی القادری کا خطاب
حیدرآباد۔ رمضان کی آمد اہل ایمان کیلئے بہت ساری رحمتیں برکتیں اور رضائے الٰہی کا سبب بنتے ہیں۔ حدیث شریف میں ہے کہ رمضان کی پہلی رات آتی ہے جنت کو روزہ داروں کے لئے سجایا جاتا ہے اور بروز قیامت روزہ داروں کیلئے دستر خوان بچھایا جائے گا۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا روزہ دار کے منہ کی بو اللہ کے نزدیک مشک اور عنبر سے بہتر ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ محمد ذاکر شاہ محی الدین نظامی القادری نے اقامتی قدیم درسگاہ مدرسہ شاہ جیلاں ؓملحقہ جامعہ نظامیہ حافظ بابا نگر نے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا نے کہاکہ رمضان کا آخری عشرہ رمضان کی جدائی اور فراق کا احساس دلاتا ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ رمضان کا آخری عشرہ طاق راتوں اور شب قدر سے مزین ہوتا ہے جس نے شب قدر کو پالیا وہ کامیاب ہوگیا۔ اللہ رب العزت رمضان المبارک میں فرشتوں کو فرماتا ہے کہ روزہ دار کی دعاء پر آمین کہو۔ مسلمانوں کو چاہیئے کہ موجودہ وباء اور مشکل حالات میں اللہ تعالیٰ کی رضا مندی والے راستے اختیار کریں۔ رمضان المبارک میں مسلمان روزہ ، زکوٰۃ ، صدقات کے ساتھ صلہ رحمی کو اختیار کریں کیونکہ رمضان المبارک کی برکتیں رخصت ہونے کو ہیں، رب کی نعمتوں کا سوال کریں۔ وہ رب نوازنے پر آیا ہے۔ اس مبارک ماہ میں خدا کی راہ میں زیادہ خرچ کریں۔ دینی مدارس کو بھی مستحکم کریں بالخصوص مدرسہ شاہ جیلاں ؓ کا تعاون فرمائیں۔ جلسہ کے آخر میں وبائی مرض کورونا کے خاتمہ اور اس سے حفاظت کے لئے اجتماعی رقت انگیز دعا کی گئی۔ صلوٰۃ و سلام پر جلسہ کا اختتام ہوا۔