مذہبی خبریں

   

لیلتہ القدر ہزار مہینوں سے افضل ، رضا خدا وندی حاصل کرنے پر زور
جامعتہ المومنات میں جلسہ شب قدر ، کورونا خاتمہ کے لیے خصوصی دعائیں
حیدرآباد :۔ جامعتہ المومنات مغل پورہ میں جلسہ شب قدر برائے خواتین سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل نے کہا کہ شب قدر کی بڑی فضیلت و اہمیت وارد ہوئی ہے ۔ اللہ تعالیٰ ماہ رمضان المبارک میں ایک اسی رات کو امت محمدیؐ کو عطا کیا جس میں عبادت کرنے سے ہزاروں مہینے عبادت کا ثواب ملتا ہے ۔ حضرت امام زہری ؒ فرماتے ہیں قدر کی معنی مرتبہ کے ہیں چونکہ یہ رات باقی راتوں کے مقابلے میں شرف و مرتبہ کے لحاظ سے بلند ہے اس لیے اسے ’ لیلتہ القدر ‘ کہا جاتا ہے ۔ تفسیر خازن میں مذکور ہے کہ اس رات کو آسمان سے فرش زمین پر اتنی کثرت کے ساتھ فرشتوں کا نزول ہوتا ہے کہ زمین تنگ ہوجاتی ہے ۔ بخاری شریف میں مذکور ہے حضور ﷺ نے فرمایا جس شخص نے شب قدر میں اجر و ثواب کی امید سے عبادت کی اس کے سابق گناہ معاف کردئیے جاتے ہیں ۔ حضرت عائشہ صدیقہ ؓ سے مروی ہے حضور ﷺ نے فرمایا لیلتہ القدر کو رمضان کے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں تلاش کرو ، حضرت عائشہ صدیقہ ؓ حضور ﷺ سے عرض کیا ہم شب قدر کو پالیں تو کیا کریں ۔ آپ ؐ نے فرمایا ’ اللھم انک عفوتحب العفو فعفوعنی یا کریم ‘ کثرت سے پڑھیں ۔ محترمہ رضوانہ زرین نے خواتین و طالبات پر زور دیا کہ ان مخصوص راتوں کی قدر کرتے ہوئے اعمال صالحہ کریں تاکہ رضا خداوندی و رضائے مصطفوی حاصل ہوجائے ۔ اس موقع پر آن لائن مفتی محمد مستان علی قادری نے بعد حلقہ ذکر میں حالیہ کورونا وائرس کی دوسری لہر جو ساری دنیا کو متاثر کی ہے اس کے خاتمہ کے لیے رب تبارک و تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا کئے ۔۔

اسرائیل کے خلاف سخت ترین اقدامات کی ضرورت
عالم اسلام کو خاموشی توڑنی ہوگی ، مفتی عبدالفتاح عادل سبیلی
حیدرآباد :۔ مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر اسرائیلی فوج کی جانب سے حملہ کی مذمت کرتے ہوئے مفتی عبدالفتاح عادل سبیلی نے کہا کہ نہتے معصوم ، نماز میں مشغول فلسطینیوں پر حملہ کر کے اسرائیلی فوج نے یہ ثبوت فراہم کردیا ہے کہ ہم انسان نہیں درندے ہیں ۔ ظلم ، بربریت ، سفاکی اور دہشت گردی ہی ہمارا پیشہ ہے ۔ ایسے میں پوری دنیا کے امن پسند حکمرانوں ، اقوام متحدہ ، سلامتی کونسل کو اسرائیل کے خلاف سخت ترین اقدامات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ بالخصوص عالم اسلام کو اپنی خاموشی توڑنی ہوگی اور یہود و نصاریٰ کی غلامی کا پٹہ اپنی گردنوں سے اتار کر مسجد اقصیٰ کو یہودی تسلط سے آزاد کرانے کی مستحکم جدوجہد کرنی ہوگی ۔ بیت المقدس اور فلسطینی علاقوں کو یہودیوں کے ناجائز وجود سے پاک کرنا ہوگا ۔ اسرائیل کا ماہ رمضان المبارک میں فلسطینیوں پر حملہ دراصل ان کی کھلی ہوئی دہشت گردی کا ثبوت ہے ۔ مگر افسوس صد افسوس کہ عالمی برادری ابھی تک خاموش ہے ۔ حالانکہ یہ بات اب صاف ہوچکی ہے کہ دنیا میں دہشت گردی قتل و خون ، فتنہ و فساد اور تباہی و بربادی کرنے والا اگر کوئی ملک ہے وہ صرف اور صرف اسرائیل ہے ۔ ہر انصاف پسند ملک کی یہ ذمہ داری ہے کہ اسرائیل سے اپنا رشتہ و تعلق توڑلے اور متحدہ طور پر اسرائیل کے خلاف آواز بلند کرے اور بیت المقدس اور فلسطین سے انہیں خالی کرنے پر مجبور کرے ۔۔

دونوں شہروں کی مساجد میں نماز عید الفطر

حیدرآباد :۔ مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاوز نامپلی میں نماز عید الفطر 7 بجے صبح ادا کی جائے گی ۔ امامت و خطابات کے فرائض حافظ محمد صابر پاشاہ قادری انجام دینگے ۔۔
٭٭ جامع مسجد محمدی ساوتھ لالہ گوڑہ سکندرآباد میں نماز عید الفطر 7-30 بجے صبح ہوگی ۔ مفتی حافظ محمد مستان علی قادری خصوصی خطاب اور امامت کریں گے ۔۔
٭٭ مسجد محمدی جلوخانہ لاڈ بازار میں نماز عید الفطر 6-30 بجے ہوگی ۔ مولانا محمد سلطان احمد نقشبندی فضائل بیان کرینگے ۔۔
٭٭ مسجد محمدی حسینی علم میں نماز عید الفطر 8-30 بجے صبح ہوگی ۔ مفتی عبدالواسع احمد صوفی خطاب و امامت کریں گے ۔۔
٭٭ مسجد کلیتہ البنین مغل پورہ میں 8 بجے صبح نماز عید ادا کی جائے گی ۔ خطبہ و نماز کی امامت حافظ محمد مصعب پاشاہ دانش کریں گے ۔۔
٭٭ مسجد باولی زیبا باغ آصف نگر میں نماز عید کی پہلی جماعت 7-30 بجے ہوگی۔ دوسری جماعت 9 بجے ہوگی ۔ حافظ غلام محمد امامت کریں گے ۔۔
٭٭ مسجد نظامی عیسیٰ میاں بازار وکٹوری پلے گراونڈ کے مسجد میں عید الفطر کی نماز 8 بجے ہوگی ۔ مصلیان اپنا مصلہ ساتھ لیکر آئیں ۔۔
٭٭ مسجد حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ ، اندرون حافظ بابا نگر میں نماز عید 9-15 بجے ہوگی ۔ نماز سے قبل مولانا مفتی حنیف قادری کا بیان ہوگا ۔۔
٭٭ مسجد غوری جمعرات بازار مین روڈ میں نماز عید 6-30 بجے ہوگی ۔ حافظ محمد سیف الدین شرفی قادری کا بیان ہوگا ۔۔
٭٭ مسجد دریبہ بیگم بازار چھتری میں نماز عید 8 بجے ہوگی ۔ نماز سے قبل حافظ محمد معین الدین شرفی کا بیان ہوگا ۔۔
٭٭ مسجد جیلانیہ و درگاہ حضرت سید محمد جیلانی قادری کلیمی ؒ نزد لوہے کا چارمینار ہائی ٹیک سٹی میں نماز عید 8 بجے ہوگی ۔ حافظ محمد محسن قادری کلیمی کا بیان ہوگا ۔۔
٭٭ مسجد حضرت کمبل پوش ؒ ، اندرون یاقوت پورہ میں نماز عید 7-30 بجے ہوگی ۔
٭٭ جامع مسجد باسطیہ ( المعروف قاری صاحب کی مسجد ) قدم ملک پیٹ پانی کی ٹانکی میں نماز عید الفطر 9-30 بجے ہوگی ۔ مولانا محمد علی خاں خطابت و امامت کرینگے ۔
٭٭ مسجد سونابی عبداللہ میں عید الفطر کی نماز 7-30 بجے ادا کی جائے گی ۔۔