مذہبی خبریں

   

قرآن مجید تلاوت کرنے اور سمجھنے کا مشورہ : حافظ صابر پاشاہ
حیدرآباد۔ /17ڈسمبر،(راست )خطیب وامام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاوز، نامپلی حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے نماز جمعہ کے موقع پر اپنے خطاب میں بتلایاکہ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی وہ آخری اورمستند ترین کتاب ہے جسے دین کے معاملے میں انسانیت کی ہدایت کے لیے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل کیا گیا ہے۔اِس کتاب ہدایت سے استفادہ انسان تب ہی کرسکتا ہے جب وہ اِسے پڑھے گا ، اِس کی تلاوت اور اِس کا مطالعہ کرے گا۔ ہمیں چاہیئے کہ قرـآن مجید کی تلاوت کے لئے روزانہ وقت نکال کر کم از کم دو تین رکوع تلاوت کریں اور اس کو سمجھیں اور اس پر عمل کریں۔ قرآن مجید کو ترجمہ کے ساتھ پڑھیں تا کہ پتہ چلے اللہ تعالیٰ اپنے بندوں سے کیا فرماتے ہیں۔

مسلم لڑکیوں کو ارتداد سے روکنا، اعمال صالح کی ترغیب دیناوقت کی اہم ضرورت
کل ہند خواتین کانفرنس پر مشاورتی اجلاس، خاتون مقررات کے اظہار خیال
حیدرآباد ۔ 17 ڈسمبر (راست) جامعۃ المومنات کی مجوزہ دویومی کل ہند خواتین کانفرنس کے انتظامات کے سلسلہ میں خواتین کا ایک مشاورتی اجلاس مفتیہ حافظہ رضوانہ زریں و شیخ الحدیث جامعۃ المومنات کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں خواتین کا یہ احساس رہا ہے کہ مسلم لڑکیوں کو ارتداد سے روکنا اور اعمال صالحہ کی ترغیب، دین داری پیدا کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اجلاس کا آغاز حافظہ رمیصاء افشن کی قرأت، عالمیہ شفاناز عطاریہ کی نعت شریف سے ہوا۔ مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین نے کہا کہ دعوت و تبلیغ کا فریضہ جہاں صحابہ کرام ؓ نے انجام دیا ہے وہیں صحابیاتؓ بھی برابر کی شریک رہیں۔ جامعۃ المومنات کا یہ مقصد رہا ہے کہ جامعہ میں لڑکیوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کیا جائے اور دینی اجتماعات کے ذریعہ خواتین میں دینداری پیدا کی جائے۔ مفتیہ ناظمہ عزیز مومناتی نے کہا کہ کانفرنس کا مرکزی موضوع ’’عورت اسلامی نقطہ نظر میں‘‘ اس کے تحت پچاس سے زائد اصلاحی عناوین شامل کیا جائے گا۔ مفتیہ تہمینہ تحسین نے کہا کہ ضلعی مندوبین کے موثر انتظامات کئے جائیں۔ مفتیہ سیدہ عشرت بیگم نے کہا کہ مہمانوں کی ضیافت ہر سال کی امسال بھی کی جائے گی۔ مفتیہ سعیدہ فاطمہ نے کہا کہ کانفرنس کا انعقاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ مفتیہ عائشہ نے کہا کہ اصلاح معاشرہ کے عناوین کے ساتھ ساتھ عقائد صحیحہ کے عنوان کو بھی شامل کیا جائے۔ حافظہ رقیہ کلثوم نے کہا کہ عورت کا انفاق فی سبیل للہ اور زکوۃ کے موضوع کو بھی شامل کیا جائے۔ عائشہ پرویز نے کہا کہ اولاد کی تربیت ماں کی ذمہ داری کو شامل کیا جائے۔ محترمہ شائستہ اسریٰ نے کہا کہ نافقاہی نظام اور اس کی تربیت پر روشنی ڈالی جائے۔ اس اجلاس میں قاریہ ریحیانہ ہاشمی، مفتیہ سارا خاں، مفتیہ صدیقہ فاطمہ، مفتیہ رابعہ بصری، عالمہ سمیرہ بیگم، محترمہ فرحین فاطمہ، حافظہ اسماء ہاشمی، محترمہ شگفتہ، محترمہ نسرین سلطانہ، حافظہ اسریٰ بیگم، حافظہ جویریہ فاطمہ، مفتیہ ادبیہ، محترمہ منیر النساء، محترمہ فاطمہ بیگم، حافظہ محمدی زرین رومانہ، مفتیہ فرحت جابر، مفتیہ کوثر، مفتیہ عظمی سلطانہ، عالمہ فریعہ نورین، محترمہ میمونہ بیگم وغیرہ شامل رہے۔