مذہبی خبریں

   

حضرت سیدنا امام اعظم ابوحنیفہؓ کا فقہ کی تدوین اُمّتِ مسلمہ پر احسان
مولانا غوثوی شاہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3 1 فبروری (راست) 2شعبان حضرت ابو حنیفہ ؓ کے یومِ وصال کے موقع پر مولانا غوثوی شاہ نے بیت النور میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امام اعظم ؓ وہ ہیں جن کے متعلق حضورؐ نے بحوالہ حدیث صحیح مسلم یہ پیشن گوئی فرمائی کہ اگردین ثُریّا ؔ میں ہو تو عنقریب فارسؔ کا ایک شخص اسکو حاصل کریگا ۔ حضرت جلال الدین سیوطی ؒ نے فرمایا کہ وہ ابوحنیفہؓ ہیں بذریعہ خواب حضور ؐ نے خود حضرت ابو حنیفہ ؓ سے فرمایا قضاء قدر نے تمہیں میری سنت کے زندہ کرنے کا سبب بنایاہے۔اب تم گوشہ نشینی چھوڑ کر آگے بڑھو۔چنانچہ آپ نے دنیا میں سب سے پہلے فقہ کے تدوین کی جسکے متعلق بڑے بڑے آئمہ نے حضرت ابوحنیفہ ؓ کے اس کام کو اُمّتِ مسلمہ پر احسان ِ عظیم فرمایا ہے اسی بنا پر مسلک حنفی کی بنیاد پڑی، آپ کے ہزاروں شاگردوں میں وہ بھی ہیں جو امام بخاری وامام مسلم اور صحاح سِتّہ و مشکوٰۃ کے محدثین کے امام ہیں ۔ امام شافعیؒ نے کہا کے لوگ (تمام محدثین) و آیمہء فقہ میں حضرت ابوحنیفہؓ کی عیال ہیں ۔حضرت ابو حنیفہ ؓ جو خودتابعی ہے چند صحابہؓ سے راست حدیث روایت کی ہے الحاصل آپ کا مذہب حنفی ، ؔعباسیؔ، عثمانی ؔ ، سلجوقی و مغل سلطنتوں کا قانون تھاآج بھی ورلڈ فیکٹ ڈاٹا کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے 200 کروڑ مسلمانوں میں صرف 160 کروڑ سنّی حنفی مسلمان ہیں ۔ اللہ سے دعا ہے کہ ہمارے امام حضرت سیدنا امام آعظم ابوحنیفہ رضی اللہ عنہ کو اللہ ہماری طرف سے بہترین جزاء عطا فرمائے اور انکے فیوض و برکات سے ہمکو مالامال فرمائے آمین۔

تبدیلی غلاف مبارک
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( راست ) : پہاڑی شریف درگاہ حضرت سیدنا بابا شرف الدین قبلہ ؒ کے مجلس ماہانہ تبدیلی غلاف مبارک 3 شعبان المعظم کو مقرر ہے ۔ بعد نماز عشاء غلاف مبارک کی تبدیلی عمل میں آئے گی ۔ بعد تبدیلی غلاف مبارک ختم قرآن و سلام بحضور خیر الانام ﷺ میں گذرانا جائے گا ۔ مجلس کا اختتام الحاج پیر زادہ سید فرید الدین قادری کی دعا پر ہوگا ۔۔

والدین کی رضا بھی رضائے الہیٰ ہے
ڈاکٹر محمد سراج الرحمن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( راست ) : ڈاکٹر محمد سراج الرحمن فاروقی نے ام طلحہ پرائمری اسکول کے سالانہ جلسے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ماں کی دعا سے تقدیریں بدل جاتی ہے ، ماں جب اولاد کے حق میں دعا کرتی ہے تو عرش اعلیٰ جنبش میں آجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ باپ کی خوشی اللہ کی خوشی ہے ، باپ کی ناراضگی سے اللہ ناراض ہوتا ہے ۔ اپنے بگڑے حالات کو اگر خوشی میں تبدیل کرنا ہو تو ماں باپ کو راضی کرلو ۔ ہماری کوئی بھی عبادت نماز پنجگانہ ہو یا کے دیگر کارخیر بارگاہ رب العزت میں قبول نہیں ہوتیں ، جب تک ماں باپ راضی نہ ہوجائیں ۔ اس موقع پر ڈاکٹر آسیہ پرنسپل کے علاوہ ڈاکٹر حافظ مقیت الرحمن ، مولوی محمد شاکر ، اساتذہ و دیگر موجود تھے ۔ طلباء و طالبات نے اپنا تعلیمی مظاہرہ پیش کیا ۔ انعامات کی تقسیم عمل میں آئی ۔۔
قرآن مجید کو علم تجوید کے ساتھ پڑھنا ضروری : قاری عبدالقیوم شاکر
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( راست ) : قرآن کریم تمام آسمانی کتابوں میں افضل ترین کتاب ہے ۔اس کو دیکھنا ، پڑھنا ، سمجھنا اس کتاب کے احکامات پر عمل کرنا سب نیکی کا عمل ہے ۔ جہاں قرآن کو تلاوت کا حکم ہے وہیں اس کی تلاوت میں حسن پیدا کرنے کی بات کہی گئی ہے اور حسن قرات اسی وقت حاصل ہوتا ہے جب ہم اس کو علم تجوید کے ذریعہ تلاوت کریں ۔ حروفوں کی صحیح ادائیگی اور ان کی صفات کا لحاظ کرتے ہوئے دیگر قواعد کو بھی جاری کرتے ہوئے قرآن کو تلاوت کرنے سے تلاوت کا حق ادا کیا جاسکتا ہے ۔ قاری محمد عبدالقیوم شاکر نے قرات و اذان کی تربیت کے دوران طلباء سے ان خیالات کا اظہار کیا ۔۔