مذہبی خبریں

   

قرآن قیامت تک دلوں کو اللہ کی طرف پھیرنے والا معجزہ
جلسہ دستار بندی و تقسیم اسناد سے مفتی سید شاہ صغیر احمد نقشبندی کا خطاب
حیدرآباد 27 فروری ( راست ) : قرآن مجید اللہ تباک و تعالیٰ کا اپنے محبوب ؐ پر نازل کردہ زندہ جاوید معجزہ ہے جو رہتی دنیا تک دلوں کو اللہ تعالیٰ کی طرف پھیرتا ہے ۔ پہلے نازل کردہ آسمانی کتب طوریت ، زبور ، انجیل اور دیگر صحیفے صرف انبیاء کرام کو ہی حفظ ہوا کرتے تھے لیکن اللہ کے حبیب ﷺ کے صدقے و طفیل قرآن مجید امت محمدیہ کو حفظ ہوجاتا ہے ۔ یہ بھی ایک قرآنی معجزہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مدرسہ دارالعلوم برکات الحرمین سنی مرکز نامپلی میں دستار بندی و تقسیم اسناد کے موقع پر شیخ الحدیث جامع نظامیہ مفتی سید شاہ صغیر احمد نقشبندی نے کیا ۔ امسال مدرسہ سے 9 طلبا نے حفظ قرآن مکمل کیا ۔ انہیں شب برات کے موقع پر دستار بندی و اسناد سے نوازا گیا ۔ شیخ الحدیث نے کہا کہ دارالعلوم میں طلباء کو اچھی تعلیم دی جاتی ہے اور کوئی فیس نہیں لی جاتی ۔ ناظم مولانا حافظ خالد عبدالمنان قادری کی گلپوشی کی گئی ۔ مفتی محمد آصف بلال قادری نے کہا کہ حشر کے دن قاری قرآن کے درجات کو اللہ تعالیٰ بلند فرماتا ہے اور جنت میں حافظ قرآن سے فرمایا جائیگا کہ اپنا یاد کیا ہوا قرآن پڑھتا جا اور بلندی کے زینے طئے کرتا جا ۔ لہذا ہر مسلمان کے سینہ میں کچھ نہ کچھ قرآن تجوید کے ساتھ رہنا ضروری ہے ۔ مفتی محمد فاروق رضا قادری نے کہا کہ قرآن ماہ رمضان میں نازل ہوا ۔ لہذا اس کو ماہ رمضان میں زیادہ پڑھا جائے ۔ صلاۃ و سلام و دعا پر جلسہ کا اختتام ہوا ۔۔

قرآن حکیم کے احکاما پر عمل سے دین و دنیا میں کامیابی
جامع مسجد چوک میں مولانا حسام الدین جعفر پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد 27 ۔ فروری : ( راست ) : قرآن پاک اللہ کی کتاب ہے جو سارے انسانوں کی ہدایت کیلئے اتاری گئی ہے ۔ قرآن حکیم کے احکام پر عمل کرنے والوں کو دین و دنیا کی کامیابی ملتی ہے ۔ موجودہ دور میں جو حالات ہیںوہ احکامات الہیٰ سے دوری کا نتیجہ ہے ۔ مسلمان کو چاہئے کہ وہ اللہ کی نافرمانی سے بچے توبہ و استغفار کریں اور اللہ کو راضی کرنے کے کام کریں یاد رکھو جو برتن خراب ہوتا ہے اس میں کھایا نہیں جاتا صاف کرنا ضروری ہوتا ہے ۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ کا نور اور رحمت زنگ آلود سینے ( دل ) میں نہیں آتا اسی لیے توبہ و استغفار سے دلوں کو پاک صاف کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جامع مسجد چوک میں شب برات کے موقع پر خطاب میں مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے کیا ۔ مولانا نے کہا کہ لوگوں کو خامیوں سے روکنے خود اپنی خامیوں کو تلاش کریں اور سیدھے راستہ کو اختیار کریں تب جاکے اچھی باتوں کا لوگوں پر اثر ہوگا جیسا کہ قرآن نے کہا اے لوگو تم ایسی باتیں کیوں کہتے ہو جس پر خود عمل نہیں کرتے ۔ جعفر پاشاہ نے خاص کر مسلم نوجوانوں سے کہا کہ اپنی انگلیوں کو موبائل پر استعمال کرنے سے زیادہ اللہ کے ذکر کیلئے استعمال کریں ۔ قاری محمد عبدالقیوم شاکر کی قرات ، قاری ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری کی نعت سے پروگرام کا آغاز ہوا ۔ قاری شیخ طاہر حسامی ، مولانا سید غوث محی الدین حسامی ، ڈاکٹر رضی الدین رحمت حسامی نے بھی خطاب کیا ۔ آخر میں دعا پر اختتام عمل میں آیا ۔۔
عرس شریف
حیدرآباد ۔ 27 ۔ فروری : ( راست ) : عرس شریف حضرت بابا فخر الدین سہروردی ؒ المعروف حضرت میٹھے شاہ ولیؒ 21 شعبان واقع جل پلی پہاڑی شریف میں مقرر ہے ۔ پروگرام کے مطابق بعد مغرب جلوس صندل جامع مسجد جل پلی سے برآمد ہوگا جو درگاہ شریف پہونچے گا ۔ ۔

جہاں پر مراسم صندل مالی کے بعد محفل سماع ہوگی ۔۔

مدرسہ نور العلوم میں
جلسہ فیضان رمضان
حیدرآباد ۔ 27 ۔ فروری : ( راست ) : مدرسہ نور العلوم کشن باغ کے زیر اہتمام بزم انوار شاہ ولی اللہ کا ماہانہ جلسہ ہر ماہ کی آخری جمعرات کو منعقد کیا جاتا ہے ۔ لہذا اس ماہ کا جلسہ 29 فروری بعد نماز مغرب مدرسہ ہذا میں منعقد کیا جائے گا ۔ مدرسہ کے طلبہ وطالبات علماء کرام کی نگرانی میں علمی مظاہرہ پیش کرتے ہیں ۔ رمضان شریف کی آمد کے پیش نظر اس ماہ کا عنوان ’ فیضان رمضان ‘ رکھا گیا ۔ مہمان خصوصی مولانا عرفان اللہ شاہ نوری ہونگے ۔ صدارت ناظم مدرسہ نور العلوم الحاج صوفی شاہ محمد عقیل احمد شاہ ولی اللہ انصاری کریں گے ۔ ۔

مدرسہ کے طلبہ وطالبات نظم اور نثر میں تعلیمی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے ۔ مولانا کا خطاب ہوگا ۔۔

رمضان میں برادران وطن میں قرآن و پیغمبر اسلام کا تعارف پیش کریں : ڈاکٹر سراج الرحمن
حیدرآباد 27 ۔ فروری : ( پریس نوٹ) : سکون و چین کے متلاشی ، برادران وطن ، بھٹکتی ، سسکتی ، بلکتی انسانیت کو راہ راست دکھانا ، امت مسلمہ کی ناقابل انکار دمہ داری ہے ۔ اس ذمہ داری کو نبھانے رمضان المبارک مہینہ زرین موقع ہے ۔ اس متبرک مہینہ کو غنیمت جان کر برادران وطن میں قرآن کا پیغام اور پیغمبر اسلام کا تعارف ( صاحب قرآن ) پیش کرکے پائیدار امن قائم کیا جاسکتا ہے ۔ چونکہ رمضان میں سرکش شیاطین قید کردئیے جاتے ہیں ہر طرف ربنا کی صدائیں اور اکرام کا ماحول ہوتا ہے ، غیر مسلم برادران وطن بھی اپنے کاروبار ، پڑوسیوں سے اکرام ، نرمی کا معاملہ کرتے ہیں ایسے ماحول میں ہمیں موقع غنیمت جان کر اکرام کے ذریعہ کھجور ، دیگر میوہ جات کے ذریعہ انہیں بتائیں کہ ہم سب ایک باپ حضرت آدم ؑ کی اولاد ہیں ۔ قرآن ساری انسانیت کیلئے آفاقی پیغام ہے ۔ پیغمبر اسلام ساری انسانیت کیلئے کامل رسول بناکر بھیجے گئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد سراج الرحمن فاروقی نے ڈاکٹر سراج ولا متصل جامع مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر میں تربیتی اجلاس میں کیا ۔۔