مرکزی حکومت کی پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کی آخری تاریخ 15 نومبر

   

تعلیمی اداروں کے تساہل سے طلبہ کو مشکلات، مرکزی سکریٹری کی ریاستوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔12۔نومبر (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کے لئے اقلیتی طلبہ میں شعور بیداری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے آج مرکزی وزارت اقلیتی امور کے سکریٹری کی جانب سے منعقدہ ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیا۔ اس ویڈیو کانفرنس کا مقصد ملک بھر میں اقلیتی طلبہ کو مرکزی حکومت کی اسکالرشپ سے استفادہ کے سلسلہ میں شعور بیدار کرنا ہے ۔ کورونا وباء اور اسکیم کے فوائد سے لاعلمی کے نتیجہ میں تلنگانہ میں اسکالرشپ کا مقرر کردہ کوٹہ مکمل نہیں ہوا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ پری میٹرک اسکالرشپ کے تحت تلنگانہ میں 65 ہزار اور پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کے تحت 10 ہزار طلبہ کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے لیکن جاریہ سال دونوں اسکالرشپ کے لئے درخواستوںکی تعداد حوصلہ افزاء نہیں ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم کے مطابق کئی تعلیمی ادارے اسکالرشپ سے متعلق طلبہ کی درخواستوں کو فارورڈ کرنے میں تساہل سے کام لے رہے ہیں۔ طلبہ اور ان کے سرپرستوں کو چاہئے کہ وہ تعلیمی اداروں پر دباؤ بنائیں کہ 15 ڈسمبر سے قبل طلبہ کی درخواستوںکو اپ لوڈ کردیں تاکہ طلبہ مقررہ وقت پر اسکالرشپ حاصل کرسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ طلبہ کیلئے نیشنل اسکالرشپ پورٹل پر نئی یا رینیول درخواستوں کو آن لائین کرنے کی آخری تاریخ 15 نومبر ہے۔ ویب سائیٹ www.scholarship.gov.in پر درخواستیں آن لائین کی جاسکتی ہیں۔ تعلیمی ادارے اپنی سطح پر تصدیق کے بعد پری میٹرک اسکالرشپ درخواستوں کو 30 نومبر اور پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کی درخواستوں کو 15 ڈسمبر تک اپ لوڈ کرنا ہوگا ۔ تعلیمی اداروں کی جانب سے درخواستوں کو فارورڈ کئے جانے کے بعد متعلقہ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر ویریفیکیشن کریں گے اور اسٹیٹ نوڈل آفیسر یعنی ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کے ذریعہ مرکزی وزارت اقلیتی امور کو فارورڈ کیا جاتا ہے جس کے بعد اسکالرشپ منظور کی جاتی ہے۔ شاہنواز قاسم نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو چاہئے کہ وہ مقررہ تاریخ میں طلبہ کی درخواستوں کو اپ لوڈ کردیں۔ طلبہ اور ان کے سرپرست کسی بھی وضاحت کے سلسلہ میں متعلقہ عہدیدار اقلیتی بہبود یا ڈائرکٹر اقلیتی بہبود سے ربط قائم کرسکتے ہیں۔ ڈائرکٹوریٹ آف اقلیتی بہبود کے فون نمبر 040-24760452 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔ ر