مسجد نبوی کی فضیلت

   

مرسل: ابن ِعبدالملک محمدعبدالعظیم نظامی
۱) حضور صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ میری مسجد میں ایک نماز کعبہ کے سوا دوسری مسجدوں میں ایک ہزار نمازوں سے بہتر ہے۔بیشک میں سب نبیوں میں آخری نبی ہوں اور میری مسجد سب مسجدوں میں آخر مسجد ہے ۔ (بخاری ومسلم) دوسری روایت میں پچاس ہزار نمازوں کا ثواب لکھا ہے۔(ابن ماجہ)
۲)ارشاد نبوی ہے جو شخص میری اس مسجدمیں نیکی کرنے یا سیکھنے یا سکھانے کی غرض سے آئے تو اسکا مرتبہ خدا کی بارگاہ میں جہاد کرنے والے کے مرتبہ کے برابر ہوگا۔ (ابن ماجہ۔ بیہقی )
۳) سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا جو شخص میری مسجد میں چالیس نمازیں اسطرح پڑھے کہ کوئی نماز اسکی فوت نہ ہو تو اللہ تعالیٰ اسکے واسطے دوزخ‘عذاب اور نفاق سے نجات لکھدے گا۔ (طبرانی۔احمد)
۴)ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم ہے جو شخص وضو کرکے میری مسجد میں نماز پڑھنے کے ارادہ سے نکلا اور اسمیں نماز پڑھی تو اسکی یہ نماز ایک حج کے برابر ہے۔(رقیمہ)
۵)ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم ہے اگر میری مسجد صفا تک وسیع کی جائے تو بھی وہ میری ہی مسجد ہے اور حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے فرمایا اگر مسجد نبوی کو ذوالحلیفہ تک بھی بڑھا دیا جائے تو وہی مسجد نبوی رہیگی۔(رقیمہ)
۶) جس نے مکہ تک ارادہ کیا اور میری مسجد تک آنے کی نیت کی تو اسکے لئے دو حج مقبول لکھے جاتے ہیں۔(رقیمہ)