پاکستانی فوج کی کارروائی میں 25دہشت گرد ہلاک

   

اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہیکہ سیکیورٹی فورسز نے بنوں میں محکمہ انسداد دہشت گردی کے کامپلکس کے آپریشن میں 25 دہشت گردوں کو ہلاک، 3 کوگرفتار کرلیا جبکہ 7نے خودسپردگی کی ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ 18دسمبر کو بنوں میں سی ٹی ڈی کامپلکس میں 35 دہشت گرد زیر تفتیش تھے ، ان میں سے ایک نے سی ٹی ڈی کے ایک جوان کو قابو میں کرکے اس کا ہتھیار چھینا، اور اپنے دیگر زیر تفتیش ساتھیوں کو آزاد کروالیااور ایک سپاہی کو شہید کر دیا جبکہ ایک زخمی ہو گیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔میجر جنرل نے مزید کہا کہ فائرنگ کی آواز سنتے ہی سیکیورٹی فورسز وہاں پہنچیں اور انہوں نے کامپلکس کا محاصرہ کر لیا، جہاں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور مرحلہ وار کمروں کی کلیئرنس کی گئی اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 25 دہشت گرد مارے گئے ، 3گرفتار ہوئے ، اس دوران 7دہشت گردوں نے خودسپرد کر دیا۔
آپریشن سیکیورٹی فورسز کے تین افسران سمیت 10 جوان زخمی بھی ہوئے۔پاکستانی افواج دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ دینے کیلئے پرعزم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی تائید اور پورے یقین کے ساتھ ریاست کی رٹ قائم کرنے اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ دینے کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے ، اور ہمارے شہدا کی عظیم قربانی ہے ، ہمارے ہمت اور حوصلے کو مزید بڑھاتی ہے ، اور ہمارے اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ میں ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ترجمان افواج پاکستان نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس سے آپ کو اندازہ ہو گیا ہوگا کہ یہ آپریشن کیسے لڑا گیا، اور کس طرح آج ہماری عظیم افواج کے بہادر سپوتوں نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا۔آج صبح وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے بنوں میں سی ٹی ڈی کے مرکز میں کارروائی کرکے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے کمپاؤنڈ واگزار کرا لیا جہاں تمام دہشت گرد مارے گئے جبکہ 2 سیکیورٹی اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران بنوں میں سی ٹی ڈی میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ کلیئر کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بنوں میں اُس وقت 33 دہشت گرد گرفتار تھے ، ان میں سے ایک دہشت گرد بیت الخلا کی طرف جارہا تھا تو ایک اہلکار کے سر پر اینٹ مار کر اس سے اسلحہ چھین لیا، اس کے بعد انہوں نے عملے کو یرغمال بنایا تھا۔واضح رہے کہ اتوار کو بنوں میں محکمہ انسداد دہشت گردی کی عمارت میں زیر حراست دہشت گردوں نے عمارت کو قبضے میں لے لیا تھا اور اپنی باحفاظت افغانستان منتقلی کا مطالبہ کیا تھا۔کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے کمپاؤنڈ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی تھی، ایک بیان میں ترجمان ٹی ٹی پی نے کہا کہ اس کے ارکان نے سی ٹی ڈی کے عملے اور سیکیورٹی اہلکاروں کو یرغمال بنایا۔