پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ

   

نئی دہلی : بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ابال جاری رہنے کے درمیان ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہفتے کے روز مسلسل تیسرے دن 35-35 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا۔ دارالحکومت دہلی میں آج پٹرول 35 پیسے فی لیٹر سے بڑھ کر 105.49 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 94.22 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے ۔اس سے قبل پیر کو مسلسل ساتویں دن گھریلو پٹرول 30 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل 35 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا۔ اس کے بعد دو دن تک سکون رہا لیکن اس کے بعد سے قیمتوں میں اضافہ کا دور شروع ہوگیا ۔ اضافے کے بعد ممبئی میں پٹرول 111.43 روپے اور ڈیزل 102.15 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے ۔ مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں پٹرول 114.09 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 103.40 روپے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے ۔ جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ایک ساتھ سنچری بنانے کی طرف بڑھ رہی ہیں۔

حکومت ٹیکس نہ بڑھاتی تو پٹرول 66 اور ڈیزل 55 روپے لیٹر ہوتا
نئی دہلی :کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ایک بار پھر بڑھنے کے بعد مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’آج پھر پٹرول-ڈیزل مہنگا ہوگیا۔ مودی حکومت نے ٹیکس نہ بڑھائے ہوتے تو پٹرول آج 66 روپے اور ڈیزل 55 روپے لیٹر ہوتا۔ مودی حکومت نے ٹیکس لوٹ میں نئے ریکارڈ قائم کیے۔ اعداد و شمار گواہ ہیں کہ جب خام تیل کی بین الاقوامی قیمتیں گھٹیں تو ٹیکس بڑھایا۔ اس کا فائدہ ملک کو نہیں دیا۔‘‘ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور بیشتر ریاستوں میں پٹرول کی قیمت سنچری پار کرچکی ہے ۔جس سے عوام کو مشکلات ہورہی ہیں ۔