پہاڑی شریف قتل کیس کا معمہ حل

   

حیدرآباد 16 جولائی (سیاست نیوز) پہاڑی شریف علاقہ میں تین سال قبل پیش آئے سنسنی خیز قتل کے معمہ کو ساؤتھ زون ٹاسک فورس پولیس نے حل کرتے ہوئے دو خاطیوں کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق 28 سالہ شیخ وحید کی شادی 2007 ء میں سلطانہ بیگم سے ہوئی تھی اور انھیں ایک لڑکا اور ایک لڑکی ہوئے تھے۔ مقتول شیخ وحید پیشہ سے ویلڈر تھا اور شراب نوشی کا عادی تھا اور اکثر وہ اپنی بیوی اور بچوں پر ظلم کیا کرتا تھا اور اپنی پوری کمائی شراب نوشی پر خرچ کردیا کرتا تھا جس کی وجہ سے سلطانہ بیگم اپنے بچوں کی پرورش کے لئے قریبی رشتہ داروں اور پڑوسیوں کے پاس سے کھانا لاکر اپنے بچوں کو کھلایا کرتی تھی۔ شیخ وحید کے ظلم و زیادتی سے تنگ آکر سلطانہ بیگم کے بھائی عبدالقوی عرف غوث اور مقتول کے ہم زلف شیخ سالم نے قتل کا منصوبہ بنایا۔ شراب نوشی کے بہانے وحید کو پہاڑی شریف کے علاقہ مامڈی پلی بلایا گیا اور اُس کا آٹو میں گلا گھونٹ کر قتل کرنے کے بعد نعش پر پٹرول ڈال کر نذر آتش کردیا گیا۔ پہاڑی شریف پولیس نے 2016 ء میں قتل کا ایک مقدمہ درج کیا تھا اور خاطیوں کا پتہ نہ چلنے پر کیس بند کردیا تھا۔ لیکن ٹاسک فورس پولیس نے اِس کیس میں ملوث خاطیوں کا پتہ لگاتے ہوئے دونوں ملزمین کو گرفتار کرلیا اور اُنھیں عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔