ڈاکٹر راج بہادر گوڑ تحریکات کے علمبردار ، مجاہد جنگ آزادی

   

اردو کے شاعر کی صد سالہ تقریب ، ایس سدھاکر ریڈی ، سید عزیز پاشاہ دیگر کا خراج
حیدرآباد۔26 جولائی(سیاست نیوز) ڈاکٹر راج بہادر گوڑ صدسالہ تقریب کمیٹی کے زیراہتمام ممتاز سماجی جہدکار اور مزدور طبقے کے لئے چلائی جانے والے تحریکات کے علمبردار مجاہد جنگ آزادی ‘ اُردو کے مشہور شاعر ڈاکٹر راج بہادر گوڑ کی صدسالہ تقریب کے ضمن میںمنعقدہ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی پی آئی کے سابق قومی جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے کہاکہ ہندوستان میں مزدور طبقے کے حقوق کی جدوجہد کو ایک نیا موڑ دینے والی شخصیات کا نام ڈاکٹر راج بہادر گوڑ ہے ۔ انہو ںنے نہ صرف لیبر طبقے کے حقوق کی جدوجہد کے ایک نئے باب کی شروعات کی بلکہ لیبر کلاس کے لئے یونین اور تنظیموں کے قیام کی بھی شروعات کی ہے۔ سدھاکر ریڈی نے ملک کے حالات جس میں جمہوریت او رسکیولرزم پر ’’فسطائی طاقتوں ‘‘ کے حملوں پر تشویش کا اظہار کیااور کہا کہ نریندر مودی کی زیر قیادت مرکزی حکومت لیبر اور ورکنگ کلاس طبقے کے اختیارات کو چھیننے کے لئے پارلیمنٹ کے ذریعہ بنائے گئے قوانین کے ساتھ چھیڑچھاڑ کررہی ہے۔ اے آئی ٹی یو سی کے قومی جنرل سکریٹری امرجیت کور نے کہا کہ راج بہادر گوڑ کا شمار صدی کے عظیم قائدین میںہوتا ہے جن کی زندگی کا مقصد غریب اور لیبر کلاس لوگوں کی رہنمائی کرنا اور ان کے حقوق کے لئے جدوجہد کرنا تھا۔ انہوں نے کہاکہ آج کے دور میںجمہوریت اور دستور کو بالائے طاق رکھ کر کام کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے اپنی تقریر کے دوران آئین پرکئے جانے والے حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان کی عوام کے اظہار خیال کی آزادی کے تمام حقوق پامال کردئے جارہے ہیں۔امر جیت کور نے مبینہ طور پر کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت کی نگرانی میں خود مختار ادارے جیسے آر بی آئی‘ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ‘ سی بی آئی‘ الیکشن کمیشن کو مجبور کیاجارہا ہے وہ حکومت کے اشاروں پر کام کرے۔سابق ریاستی وزیرداخلہ این نرسمہا ریڈی نے راج بہادر گوڑ کو اپنا بھرپور خراج پیش کرتے ہوئے ساری زندگی راج بہادر گوڑ کے نقش قدم پر چلنے کا عزم ظاہر کیا۔ سابق رکن پارلیمنٹ وقومی صدر تنظیم انصاف سید عزیز پاشاہ نے راج بہادر گوڑ کو اپنا ائیڈیل قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ وہ نہ صرف ایک عظیم جہدکار تھے بلکہ اُردو کے ایک معروف شاعر بھی تھے۔ انہوں نے کہاکہ قومی کونسل برائے فروغ اُردو چیرمن کی حیثیت سے اُردو کے لئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ چیرمن راج بہادر گوڑ صد سالہ تقریب چاڈا وینکٹ ریڈی نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنا خراج پیش کیا۔ کنونیر کمیٹی ڈاکٹر سدھاکر کے شکریہ پر تقریب کا اختتام عمل میںآیا۔