کمسن لڑکی کی عصمت ریزی کرنے والا شخص گرفتار

   

جواہر نگر پولیس کی خصوصی ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 10 جولائی (سیاست نیوز) جواہر نگر پولیس نے ساڑھے تین سالہ لڑکی کی عصمت ریزی کے معاملہ میں 40 سالہ بدغماش میستری کو گرفتار کرلیا۔ گذشتہ روز شکایت کے بعد پولیس نے ملزم کی تلاش کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیا تھا۔ ایک ساڑھے تین سالہ لڑکی کا اغواء کرنے کے بعد دوسرے دن لڑکی کو چھوڑ دیا گیا تھا اور لڑکی کی طبی جانچ میں اس بات کا پتہ چلا کہ لڑکی کی عصمت ریزی ہوئی ہے۔ پولیس کی خصوصی ٹیم نے ربھیرام داس کو گرفتار کرلیا جس نے یہ غیرانسانی حرکت کی۔ ملزم پیشہ سے میستری ہے جو بنڈلہ گوڑہ علاقہ میں رہتا ہے اور اڑیسہ سے اس کا تعلق بتایا گیا ہے۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران مزید معلومات حاصل کی۔ اس ساڑھے تین سالہ لڑکی کو اپنی ہوس کا شکار بنانے سے قبل اس درندے نے ایک دکان سے سگریٹ خریدنے کے دوران دوکان مالک خاتون کی 9 سالہ لڑکی سے بھی دست درازی کی تھی اور اس کی اس حرکت نے اسپیشل ٹیم کو اس تک پہنچایا۔ پولیس کے مطابق ابھیرام 12 سال قبل حیدرآباد آیا تھا۔ 8 سال قبل اس کی بیوی نے اس سے دوری اختیار کرلی تھی اور اس کے بعد سے وہ کمسن لڑکیوں کو نشانہ بناتا تھا۔ پولیس نے اسے گرفتار کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔