کومٹ ریڈی برادرس کی بی جے پی میں شمولیت یقینی

   

راج گوپال ریڈی نے بی جے پی کو ٹی آر ایس کا متبادل قرار دیا
حیدرآباد۔ 15 جون (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے بعد اب بی جے پی نے کانگریس کے عوامی نمائندوں کو انحراف کے لیے راغب کرنا شروع کردیا ہے۔ ضلع نلگنڈہ میں کانگریس کے مضبوط سمجھے جانے والے کومٹ ریڈی برادرس کی بی جے پی میں شمولیت کے امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں۔ اگرچہ مختلف گوشوں میں گزشتہ دو دن سے کومٹ ریڈی برادرس کی بی جے پی میں شمولیت سے متعلق اطلاعات گشت کررہی تھیں لیکن آج رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے ان اطلاعات کی عملاً توثیق کردی۔ راج گوپال ریڈی نے یہاں تک کہہ دیا کہ تلنگانہ کے 12 کانگریسی ارکان اسمبلی کے انحراف کو روکنے میں پارٹی کی ریاستی قیادت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کا کوئی مستقبل نہیں ہے اور بی جے پی ٹی آر ایس متبادل بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے بیشتر قائدین بی جے پی کی طرف دیکھ رہے ہیں کیوں کہ بی جے پی نے تلنگانہ میں اپنے قدم مضبوطی کے ساتھ جمالیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی ریاستی قیادت 12 ارکان اسمبلی کو انحراف سے روکنے میں ناکام ثابت ہوئی۔ راج گوپال ریڈی نے کہا کہ قائدین کا احساس ہے کہ راہول گاندھی کی قیادت کمزور ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیادت کی کمی کے نتیجہ میں تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کا یہ حشر ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ کومٹ ریڈی برادرس نے بی جے پی میں شمولیت کی تیاری کرلی ہے۔