گانجہ منتقلی کا بڑا ریاکٹ بے نقاب

   

چھ افراد گرفتار، چار سو کیلو گانجہ ضبط، ملزمین میں میاں بیوی بھی شامل
حیدرآباد۔/28 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) پرانے شہر سے گانجہ منتقلی کے ایک بڑے ریاکٹ کو ٹاسک فورس پولیس نے بے نقاب کردیا اور 6 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 400 کیلو گانجہ کو ضبط کرلیا۔ گرفتار افراد میں میاں بیوی بھی شامل ہیں جو اس گانجہ منتقلی کو انجام دے رہے تھے۔ کمشنر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے ایک خفیہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے شاہ علی بنڈہ کے ناگل چنتا چوراہے پر اس ریاکٹ کو بے نقاب کیا اور دو کاروں کو بھی ضبط کرلیا جس میں گانجہ منتقل کیا جارہا تھا۔ پولیس نے ان افراد کے قبضہ سے 8 سیل فون بھی ضبط کرلیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹاسک فورس حیدرآباد مسٹر جی چکراورتی نے بتایا کہ 35 سالہ راگھوویر رائے کے علاوہ اس کی بیوی 30 سالہ پرشانتی رائے ساکنان راجمندری ،29 سالہ محبوب ساکن برنداون کالونی ٹولی چوکی، 29 سالہ سید شہاب الدین ساکن بارکس،21 سالہ حبیب علی ساکن بارکس اور 22 سالہ عامر ساکن بارکس کو گرفتار کرلیا۔ دیگر اس ٹولی سے جڑے دو افراد سنجے ساکن ویزاک اور منوج اگنی ہوتری ساکن ہنگولی مہاراشٹرا مفرور بتائے گئے ہیں۔ محبوب شہاب الدین اور عامر پیشہ سے ڈرائیور ہیں ان کی دوستی رگھویر رائے سے تھی جب وہ بالا پور میں رہتا تھا۔کچھ عرصہ قبل راگھویر رائے اس کی بیوی پرشانتی کے ہمراہ راجمندری منتقل ہوگیا تھا۔ چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والا اصل سرغنہ راگھویر بالا پور میں قیام کے وقت کیاب چلاتا تھا اور اسی دوران اس کی دوستی گرفتار افراد سے ہوگئی تھی۔ راجمندری منتقل ہونے کے بعد میاں بیوی نے آسان انداز میں روپئے کمانے کی خاطر گانجہ کا کاروبار کرنے کا منصوبہ تیار کیا اور اس نے ہنگولی کے ساتھی منوج سے رابطہ قائم کیا اور گانجہ کی طلب کے تعلق سے دریافت کرنے کے بعد اس نے ویزاک کے ساکن سنجے سے رابطہ قائم کرتے ہوئے 400 کیلو گانجہ حاصل کیا اور اس کو منتقل کرنے کے لئے دو گاڑیوں کا انتظام کیا۔ جس کے بعد ڈرائیورز کی ضرورت پوری کرنے کیلئے اس نے اپنے پرانے ساتھیوں محبوب شہاب الدین اور عامر سے رابطہ قائم کیا اور انہیں معقول کمیشن دینے کا لالچ دے کر گانجہ منتقل کررہا تھا۔ ویزاک سے مہاراشٹرا براہ حیدرآباد گانجہ منتقل کیا جارہا تھا کہ شاہ علی بنڈہ علاقہ میں ان افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔