ہندوستان کو آج کرو یا مرو صورتحال ،آسٹریلیا کی سیریز پر نظریں

   

راجکوٹ ۔ 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو کل یہاں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے مقابلہ میں کرو یا مرو صورتحال کا سامنا ہے اور اسے سیریز میں باقی رہنے کیلئے کامیابی اشد ضروری ہے تو دوسری جانب آسٹریلیائی ٹیم کی نظریں سیریز میں کامیابی پر مرکوز ہیں جیسا کہ اس نے ممبئی میں منعقدہ سیریز کے پہلے مقابلہ میں 10 وکٹوں کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے تین مقابلوں کی رواں سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ کل یہاں کھیلے جانے والے دوسرے مقابلہ میں ویراٹ کوہلی کی اپنے روایتی مقام تیسرے نمبر پر کھیلنے کے امکانات روشن ہیں کیونکہ پہلے مقابلہ میں تینوں اوپنرس روہت شرما، شکھردھون اور کے ایل راہول کو ٹیم میں شامل کرتے ہوئے کوہلی کا نمبر چار پر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ ناکام ہوا ہے۔ کوہلی کے دوبارہ نمبر تین پر بیٹنگ کرنے کے فیصلہ کے بعد پھر ایک مرتبہ نمبر چار پر بیٹنگ کرنے کا موضوع بحث میں آ چکا ہے جبکہ اوپنر شکھر دھون نے پہلے ہی کہا ہیکہ وہ انتظامیہ اگر چاہتا ہے تو نمبر تین پر بیٹنگ کیلئے تیار ہیں۔ کوہلی کا نمبر تین پر بیٹنگ کرنا میڈل آرڈر میں مزید دہشت پیدا کرتا ہے جس کے ذریعہ کے ایل راہول کو نمبر چار پر بھی بیٹنگ کیلئے روانہ کیا جاسکتا ہے۔ روہت اور دھون نے ممبئی ونڈے میں اننگز کا آغاز کرتے ہوئے ٹیم کو بہتر شروع فراہم نہیں کی تھی حالانکہ دھون نے 91 گیندوں میں 74 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ راہول نے بھی ان کا بہتر ساتھ دیا تھا۔ رشپھ پنت زخمی ہوکر دوسرے ونڈے سے باہر ہوچکے ہیں لہٰذا ان کے مقام پر کے ایل راہول سے کیپنگ کروائی جاسکتی ہے۔ بولنگ شعبہ میں جسپریت بمرا کی واپسی ضرور ہوئی ہے لیکن وہ اپنا فام حاصل کرنے میں ہنوز ناکام ہیں جیسا کہ گذشتہ مقابلہ میں وہ بولنگ کا آغاز کرتے ہوئے ٹیم کو بہتر شروعات فراہم نہیں کرپائے جس کا دیگر بولروں پر بھی اثر ہوا اور تمام بولر ہی وکٹ لینے میں ناکام رہے اور آسٹریلیا نے ایک آسان کامیابی درج کی۔ دوسری جانب آسٹریلیائی ٹیم جس نے پہلے ونڈے میں کھیل کے تمام شعبوں میں غیرمعمولی مظاہرہ کیا وہ ان مظاہروں کے سلسلہ میں برقرار رکھتے ہوئے دوسرے ونڈے اور سیریز میں کامیابی کیلئے کوشاں ہوگی۔ فاسٹ بولروں نے مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور رچرڈسن کے ہمراہ اسپنرس کی جوڑی ایڈم زمپا اور آسٹن اگر نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ ہندوستانی ٹیم کل کھیلے جانے والے مقابلہ میں اوپنرس کی جوڑی ڈیوڈ وارنر اور آرون فنچ کو جلد آوٹ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کے میڈل آرڈر پر دباؤ بنانے میں کامیاب ہوتی ہے تو مقابلہ پر اس کی گرفت مضبوط ہونے کا امکان ہے۔ راجکوٹ کی وکٹ بیٹنگ کیلئے سازگار رہے گی۔