Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / ۔12کارپوریشنس اور دیگر نامزد عہدوں پر عنقریب تقررات

۔12کارپوریشنس اور دیگر نامزد عہدوں پر عنقریب تقررات

پارٹی قائدین کی بے چینی کو دور کرنے کی کوشش، عوامی نمائندوں کے اجلاس سے چیف منسٹر کا خطاب

حیدرآباد۔/12اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 17اگسٹ تا 23اگسٹ دیہی علاقوں کی ترقی سے متعلق گرام جیوتی پروگرام پر کامیاب عمل آوری کیلئے آج پارٹی کے عوامی نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس جو تقریباً 3گھنٹے تک جاری رہا اس میں گرام جیوتی پروگرام  پر عمل آوری کے سلسلہ میں عوامی نمائندوں کو رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے۔ چیف منسٹر نے اس پروگرام کی کامیابی کیلئے ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل اور اضلاع کے سینئر قائدین کو متحرک ہونے کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہر عوامی نمائندے کو ایک گاؤں منتخب کرتے ہوئے اس کی ترقی پر توجہ دینی چاہیئے۔ اس طرح نہ صرف دیہی علاقوں کی ترقی ہوگی بلکہ پارٹی بھی بنیادی سطح سے مستحکم ہوگی۔ چیف منسٹر نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حکومت کو نشانہ بنانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی تنقیدوں کا مقابلہ بہتر کارکردگی کے ذریعہ کیا جاسکتا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے کہا کہ ہم دیہی علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ذریعہ اپوزیشن کا جواب دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات سے مطمئن ہیں لیکن اپوزیشن جماعتیں الجھن پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہیں تاکہ حکومت کی بدنامی ہو۔ چیف منسٹر نے عوامی نمائندوں سے کہا کہ وہ اس اسکیم کے بارے میں عوامی شعور بیدار کریں تاکہ ہر موضع میں زیادہ سے زیادہ ترقیاتی کام انجام دیئے جاسکیں۔ 17تا23اگسٹ اس پروگرام پر عمل آوری کے دوران چیف منسٹر خود بھی مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے وزراء کو ہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں اس پروگرام پر عمل آوری کی نگرانی کریں۔ چیف منسٹر نے اس پروگرام کے بارے میں کل کابینی سب کمیٹی کے ارکان، ضلع کلکٹرس، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، جوائنٹ کلکٹرس، ضلع پریشد کے سی ای اوز اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا تھا۔ ذرائع  نے بتایا کہ چیف منسٹر نے آج کے اجلاس میں دیہی سطح پر پارٹی کے استحکام کیلئے قائدین کو متحرک ہونے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ قائدین کو چاہیئے کہ وہ حکومت کی اسکیمات کے فوائد حقیقی مستحقین تک پہنچانے کی کوشش کریں۔ چیف منسٹر نے پارٹی کے استحکام کیلئے بہت جلد مواضعات اور منڈل کی سطح پر کمیٹیوں کی تشکیل کا تیقن دیا۔ انہوں نے پارٹی قائدین سے کہا کہ وہ منڈلوں اور گاؤں میں متحرک کارکنوں کے ناموں پر مشتمل پیانل پارٹی کو پیش کریں۔

 

چیف منسٹر نے مارکٹ کمیٹیوں کے عہدوں پر بھی بہت جلد تقررات کا تیقن دیا اور اس سلسلہ میں عوامی نمائندوں کو تجاویز روانہ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ مارکٹ کمیٹیوں کے تقررات میں سماجی توازن کو برقرار رکھا جائے گا۔ چیف منسٹر نے گزشتہ 14ماہ کے دوران نامزد عہدوں پر عدم تقررات کے سبب پارٹی قائدین اور کارکنوں میں پائی جانے والی بے چینی کو دیکھتے ہوئے بہت جلد 12کارپوریشنوں پر تقررات کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ نامزد عہدوں اور کارپوریشنوں پر مستحق کارکنوں کو نمائندگی دی جائے گی جنہوں نے پارٹی کے قیام سے لیکر آج تک خود کو پارٹی کے استحکام کیلئے وقف کردیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ بعض وزراء نے چیف منسٹر کی توجہ نامزد عہدوں پر تقررات کی جانب مبذول کرائی اور کہا کہ کارکنوں کو تقررات کا بے چینی سے انتظار ہے۔ چیف منسٹر نے حالیہ عرصہ میں مختلف محکمہ جات میں ملازمین کی ہڑتال پر بھی اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں ملازمین کو مشتعل کرتے ہوئے ہڑتال کیلئے اُکسارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ہر مسئلہ کو سیاسی رنگ دینا افسوسناک ہے۔

TOPPOPULARRECENT