Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / 15 نکاتی پروگرام پر عمل کے لئے اعلی عہدہ داروں کی کمیٹی تشکیل

15 نکاتی پروگرام پر عمل کے لئے اعلی عہدہ داروں کی کمیٹی تشکیل

ضلعی سطح پر بھی مساعی، وقفۂ سوالات میں ڈپٹی چیف منسٹر کا جواب
حیدرآباد /7 اکتوبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ وزیر اعظم کے 15 نکاتی پروگرام پر عمل آوری کے لئے چیف سکریٹری کی قیادت میں اعلی عہدہ داروں پر مشتمل ریاستی سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جب کہ ضلعی سطح کی کمیٹیاں تشکیل دینا ابھی باقی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست اور ضلعی سطح کمیٹیوں میں منتخب عوامی نمائندوں اور رضاکارانہ تنظیموں کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا، کیونکہ حکومت وزیر اعظم کے 15 نکاتی پروگرام پر مؤثر طورپر عمل آوری چاہتی ہے، جس کے لئے مسلسل اجلاس طلب کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت مسلمانوں کی ترقی و بہبود کے معاملے میں اپنے عہد کی پابند ہے۔ جامعہ نظامیہ کے لئے 9.60 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں۔ وقفۂ سوالات کے دوران مجلس کے ارکان اسمبلی کی جانب سے کئے گئے سوال پر چیف منسٹر کے تحریری بیان میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم کے 15 نکاتی پروگرام کے تحت صحت، ہاؤزنگ اور تعلیمی شعبہ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اقلیتی اکثریت والے علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے راجندر نگر، تانڈور، نظام آباد، بودھن، عادل آباد اور کاغذ نگر کے لئے مرکزی حکومت نے 33.76 کروڑ روپئے ایم ایس ڈی پی کے منظور کئے ہیں، جب کہ ایم سی بی ایس کے تحت 18.95 کروڑ روپئے کوہیر، نیالکل، ظہیرآباد، یڈاپلی اور ریجنل کے لئے منظور کئے گئے۔ انھوں نے کہا کہ ان علاقوں کی ترقی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے مرکزی حکومت 75 فیصد اور تلنگانہ حکومت 25 فیصد فنڈس جاری کرے گی، جب کہ اضلاع کے کلکٹرس کو ان اسکیمات پر عمل آوری کی ہدایت دی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت نے 27 نومبر 2014ء کو جی او ایم ایس نمبر 8 جاری کرتے ہوئے چیف سکریٹری کی قیادت میں ریاستی سطح کی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

TOPPOPULARRECENT