Tuesday , August 22 2017
Home / ہندوستان / پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ ملتوی

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ ملتوی

نئی دہلی ۔ 16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپیہ اور فی لیٹر ڈیزل کی قیمت میں 2.28 روپئے کے اضافہ کا فیصلہ روک دیا گیا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا تھا جو ایسا محسوس ہوتا ہیکہ بہار اسمبلی کے مجوزہ انتخابات کے پیش نظر مؤخر کردیا گیا ہے۔ رئیل شعبہ میں تیل سربراہ کرنے والی تین بڑی سرکاری کمپنیاں انڈین آئیل کارپوریشن (آئی او سی)، بھارت پٹرولیم کارپوریشن لمیٹیڈ (بی پی سی ایل) اور ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن لمیٹییڈ ایچ پی سی ایل) حسب معمول ہر 15 دن میں ایک مرتبہ رٹیل قیمتوں کا جائزہ لیتے ہوئے قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور بیرونی زر مبادلہ کی شرحوں کے مطابق قیمتوں پر نظرثانی کرتے ہیں لیکن ان تین کے منجملہ ایک تیل کمپنی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ اس ہفتہ تیل کی رٹیل قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ تاہم انہوں نے اس فیصلہ کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔ صنعتی ذرائع نے کہا کہ عالمی مارکٹ میں پٹرول کی قیمتیں اگست کے دوسرے نصف کے دوران 60.15 امریکی ڈالر سے بڑھ کر 61.42 فی بیرل ہوگئی تھیں۔ اس طرح یکم تا 15 ستمبر ایک ڈالر کے مقابلہ ہندوستانی کرسنی کی قدر اوسطاً 66.37 رہی جو اس سے پہلے کے پندرواڑہ میں ایک ڈالر کے مقابلہ 65.70 روپئے تھی۔ روپئے کی قدر میں معمولی کمی اور بین الاقوامی مارکٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہوگیا تھا۔ تاہم ایسا محسوس ہوتا ہیکہ بہار اسمبلی کے مجوزہ انتخابات کے پیش نظر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے گریز کیا گیا۔ بہار میں مختلف مرحلوں کے تحت 12 اکٹوبر سے رائے دہی کا آغاز ہوگا جو 5 نومبر تک جاری رہے گا اور 8 نومبر کو نتائج کا اعلان ہوگا۔ بہار اسمبلی انتخابات کو مرکز میں حکمراں بی جے پی کی مقبولیت کیلئے ایک بڑا امتحان سمجھا جارہا ہے۔

 

ایک نوجوان برقی شاک سے فوت
نئی دہلی ۔ 16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک 19 سالہ نوجوان مشرقی دہلی کے کلیان پوری علاقہ میں واقع ایک گارمنٹ یونٹ میں کام کے دوران برقی شاک لگنے سے مبینہ طور پر فوت ہوگیا، پولیس نے آج یہ بات کہی۔ پولیس نے بتایا کہ متوفی وکرم کل کلیان پوری کے رہائشی علاقہ میں واقع پرائیویٹ انٹرپرائز میں کام کررہا تھا کہ یہ حادثہ پیش آیا۔

TOPPOPULARRECENT