Monday , September 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / انڈیا مینس ڈبلز اولمپک میڈل جیتنے کا اہل : بھوپتی

انڈیا مینس ڈبلز اولمپک میڈل جیتنے کا اہل : بھوپتی

ممبئی ، 10 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کو آئندہ سال کے ریو اولمپکس میں مینس ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز دونوں ایونٹس میں تمغے جیتنے کا اچھا موقع ہے، یہ تاثر سابق ٹینس اسٹار مہیش بھوپتی کاہے۔ انھوں نے آج یہاں کہا کہ مینس ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز دونوں میں ہمیں میڈلس جیتنے کا اچھا موقع ہے۔ روہن بوپنا اور لینڈر پیس دونوں عالمی معیاری کھلاڑی ہیں جو مینس ڈبلز پارٹنرز ہوں گے، لہٰذا کیوں یہ ممکن نہیں؟ سابق ڈبلز اسٹار جنھوں نے پیس کے ساتھ جوڑی بناتے ہوئے کئی گرانڈ سلام خطابات جیتے، اس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ آیا وہ ایک اور سابق ڈیوس کپ اسٹار رمیش کرشنن کے خیال سے اتفاق کرتے ہیں کہ ہندوستان کے تمغے کیلئے بہترین امکانات مکسڈ ڈبلز میں ہیں جہاں پیس کی متوقع پارٹنر ثانیہ مرزا ہیں، جو دنیا کی ٹاپ وومن ڈبلز پلیر ہیں۔ انٹرنیشنل پریمیر ٹینس لیگ کے بانی و منیجنگ ڈائریکٹر بھوپتی نے ثانیہ کی ویمنس ڈبلز میں سوئس اسٹار مارٹینا ہنگس کے ساتھ شاندار کامیابیوں کو سراہا اور کہا کہ یہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ بہترین تال میل میں کھیل رہی ہیں۔ اس دوران آئی پی ٹی ایل کے تعلق سے 41 سالہ بھوپتی نے وضاحت کی کہ اسے انڈین لیگ نہیں کہا جاسکتا حالانکہ اس نئے کامپٹیشن نے کرکٹ پر مبنی آئی پی ایل سے خاص طور پر فرنچائز بزنس ماڈل کے معاملے میں بہت کچھ اختیار کیا ہے۔ سابق ڈیوس کپ ڈبلز اسپیشلسٹ آئی پی ٹی ایل کی مختلف نئی خصوصیات کے اعلان کیلئے طلب کردہ میڈیا کانفرنس سے مخاطب تھے۔ انھوں نے واضح کیا کہ آئی پی ٹی ایل کوئی انڈین لیگ نہیں ہے۔ اس کی ٹیمیں جاپان، یو اے ای، سنگاپور، منیلا اور ہندوستان سے ہیں۔ آئی پی ٹی ایل کا دوسرا ایڈیشن 2 تا 20 ڈسمبر منعقد شدنی ہے۔

TOPPOPULARRECENT