Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / جی ایچ ایم سی پر ٹی آر ایس کا قبضہ

جی ایچ ایم سی پر ٹی آر ایس کا قبضہ

تلگودیشم ۔ بی جے پی اور کانگریس کا عملاً صفایا، مجلس کو 44 نشستیں
حیدرآباد 5 فبروری ( سیاست نیوز ) جی ایچ ایم سی انتخابات کے نتائج کا آج اعلان کردیا گیا ۔ ریاست میں برسر اقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے زبردست کامیابی حاصل کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی پرقبضہ کرلیا اور سارے جی ایچ ایم سی حدود میں ٹی آر ایس کا گلابی پرچم لہرانے لگا ہے۔ قطعی نتائج کے مطابق ٹی آر ایس نے 99 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور پرانے شہر میں مجلس نے اپنا اثر برقرار رکھا ہے ۔ مجلس نے  44 نشستوں پر اپنی جیت درج کرائی ہے، جبکہ گزشتہ کارپوریشن میں اُس کی عددی طاقت 43 تھی۔ کانگریس ‘ تلگودیشم اور بی جے پی کو اس بار عوام نے بری طرح مسترد کردیا ہے اور ان کی نشستوں کی تعداد ایک ہندسی عدد تک محدود ہوکر رہ گئی ہے ۔ کانگریس نے 2، تلگو دیشم نے 1 اور بی جے پی نے 4 حلقوں میں کامیابی پائی۔ جی ایچ ایم سی حدود میں حالانکہ کانگریس ‘ تلگودیشم اور بی جے پی کے ارکان اسمبلی گزشتہ اسمبلی انتخابات میں منتخب ہوئے تھے لیکن اس بار بلدی چناؤ میں عوام نے ان حلقوں میں بھی ٹی آر ایس کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا ہے ۔ شہر کے مضافاتی علاقوں میں جہاں آندھرائی عوام کی اکثریت پائی جاتی ہے وہاں بھی ٹی آر ایس نے اپوزیشن جماعتوں کو کراری شکست سے دوچار کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ ‘ جنہوں نے جی ایچ ایم سی انتخابات میںپارٹی کی انتخابی مہم تن تنہا چلائی تھی انہوں نے اس کامیابی کو عوام کی فتح قرار دیا ۔ اور ان کی پارٹی شہر کی ترقی کو یقینی بنانے اور عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

 

کانگریس لیڈر محمد غوث کو شکست
حیدرآباد ۔ /5 فبروری (سیاست نیوز) پرانا پل ڈیویژن کے کانگریس امیدوار محمد غوث کو ان کے حریف مجلسی امیدوار سونم راج موہن نے 2800 ووٹوں سے شکست دی ۔ اس ڈیویژن میں /2 فبروری کو رائے دہی کے دن ہنگامہ آرائی اور دھاندلیوں کی شکایت کے بعد ریاستی الیکشن کمشنر نے دوبارہ پولنگ کا اعلان کیا تھا ۔ /5 فبروری کو دوبارہ رائے دہی ہوئی جس میں 45.04 فیصد پولنگ ہوئی ۔

TOPPOPULARRECENT