Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / درگاہ حضرت خطہ صالحین پر وقف بورڈ اور محکمہ مال کا کنٹرول

درگاہ حضرت خطہ صالحین پر وقف بورڈ اور محکمہ مال کا کنٹرول

انتظامات بورڈ کی تشکیل کردہ کمیٹی کے حوالے، نائب متولی کا دعویٰ عدالت میں چیلنج
حیدرآباد۔/20فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ نے آج محکمہ مال اور پولیس کے تعاون سے درگاہ حضرت خطہ صالحین نامپلی کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور انتظامات وقف بورڈ کی جانب سے قائم کی گئی منیجنگ کمیٹی کے حوالے کئے گئے۔ وقف بورڈ نے حالیہ عرصہ میں خطہ صالحین کو اپنی راست نگرانی میں لے لیا تھا اور محکمہ مال کے عہدیداروں نے اسے مقفل اور سیل کیا تھا۔ اسی دوران خطہ صالحین کے نائب متولی ہونے کے دعویدار نے اس کارروائی کو عدالت میں چیلنج کیا۔ وقف بورڈ عہدیداروں نے بتایا کہ اس مقدمہ کی آڑ میں غیرقانونی طور پر محکمہ مال کے مہربند قفل توڑ دیئے گئے اور جبراً کنٹرول حاصل کرلیاگیا۔ وقف بورڈ نے اس کارروائی کے خلاف حبیب نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ 19ڈسمبر 2015کو ریونیو حکام کی مدد سے وقف بورڈ نے کنٹرول حاصل کیا اس کے بعد سابق نائب متولی کا دعویٰ کرنے والے شخص نے قفل توڑ دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کارروائی کو ریونیو حکام کی کارروائی قرار دینے کی کوشش کی گئی تاہم ریونیو حکام نے اس کارروائی سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں نے آج ریونیو اور پولیس حکام کی موجودگی میں عمارت کو دوبارہ مقفل کرتے ہوئے انتظامات وقف بورڈ کے حوالے کردیئے۔ اب خطہ صالحین دوبارہ وقف بورڈ کی جانب سے قائم کردہ منیجنگ کمیٹی کے تحت آچکا ہے اور عرس کے انتظامات کے سلسلہ میں کمیٹی اور وقف بورڈ سے اجازت حاصل کرنی پڑے گی۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ نے اس اہم اوقافی جائیداد کے حصول میں اہم رول ادا کیاہے۔

TOPPOPULARRECENT