Tuesday , April 25 2017

تلنگانہ میں گٹکھے پر پابندی کے باوجود فروخت جاری ، پولیس دھاوے
پان ڈبوں سے غیر قانونی فروخت ہونے والا گٹکھا ضبط ، ساوتھ زون پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔29مارچ (سیاست نیوز) گٹکھا ‘ پان مسالہ اور سگریٹ کی فروخت کے متعلق رہنمایانہ اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں پر پولیس نے نظر رکھتے ہوئے انہیں سگریٹ اور گٹکھے کی غیر قانونی فروخت روکنے کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ ساؤتھ زون پولیس کی جانب سے گذشتہ یوم شروع کی گئی اس کاروائی کے دوران پان کے ڈبوں پر دھاوے کرتے ہوئے اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ پان کے ڈبوں پر گٹکھا فروخت کیا جا رہا ہے یا کھلی سگریٹ فروخت کی جا رہی ہے؟ ریاست تلنگانہ میں گٹکھے کی فروخت پر پابندی عائد کیی جا چکی ہے لیکن اس کے باوجود شہر میں کھلے عام جاری گٹکھے کی فروخت کو روکنے کیلئے ساؤتھ زون پولیس متحرک ہو چکی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ آئندہ چند یوم کے دوران اس مہم میں شدت پیدا کی جائے گی اور عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کا بھی آغاز کیا جائے گا تاکہ قانون پر عمل آوری کو ممکن بنایا جا سکے۔ اسمبلی بجٹ سیشن میں پرانے شہر میں منشیات کی فروخت اور نشہ آور اشیاء کے استعمال کی شکایات زیر بحث آئی تھیں اور کہا گیا تھا کہ نوجوان نسل اس جانب تیزی سے راغب ہونے لگی ہے اسی لئے کاروائی ناگزیر ہے۔ اس سے قبل روزنامہ سیاست نے پرانے شہر میں منشیات کی فروخت کے عام ہونے اور گٹکھے و پان مسالہ کی کھلے عام فروخت کا مسئلہ اٹھایا تھا ۔ گذشتہ شب دبیر پورہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں کی گئی کاروائی کے دوران بیشتر پان کے ڈبوں سے گٹکھا ضبط کیا گیا اور کھلے سگریٹ کی فروخت نے کرنے کیلئے پان شاپ مالکین کو ہدایات جاری کی گئی کیونکہ کھلے سگریٹ کی فروخت بھی ازروئے قانون ممنوع قرار دی گئی ہے تاکہ سگریٹ کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔محکمہ پولیس کے اعلی عہدیداروں کے مطابق ساؤتھ زون میں شروع کی گئی اس مہم کے مثبت نتائج برآمد ہونے کی توقع کی جا رہی ہے کیونکہ اب تک محکمہ پولیس کی جانب سے برسرعام عوامی مقامات پر شگریٹ نوشی کرنے والوں اور گٹکھا کی فروخت پر کوئی کاروائی نہیں کی جاتی تھی لیکن اب جبکہ اس مہم کا آغاز کیا جا چکا ہے تو اس کے اچھے نتائج برآمد ہونے کی توقع ہے۔ آج دن میں فلک نما پولیس اسٹیشن کے حدود میں پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے کئی پان شاپس کا معائنہ کیا اور اس بات کی جانکاری حاصل کرنے کی کوشش کی کہ انہیں گٹکھا کہاں سے دستیاب ہو رہا ہے۔ ساؤتھ زون پولیس کے اعلی عہدیداروں نے بتایا کہ پرانے شہر کے نوجوانوں میں بڑھ رہے منشیات کے رجحان کے خاتمہ کیلئے یہ ضروری ہے کہ بنیادی طور پر نشہ آور اشیاء کے قوانین کے اطلاق کو ممکن بنایا جائے تاکہ قانون کے نفاذ کے صورت میں نہ صرف تیارکنندگان بلکہ استعمال کنندگان کے ساتھ فروخت کرنے والوں میں بھی خوف پیدا ہوگا۔

 

 

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT