آئندہ لوک سبھا انتخابات :ایس پی ۔ آر ایل ڈی بات چیت

   

لکھنؤ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آئندہ لوک سبھا انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) لیڈر جینت چودھری اور سماج وادی پارٹی چیف اکھیلیش یادو نے منگل کو ملاقات کی لیکن دونوں قائدین نے کسی بھی تفصیلات کا انکشاف کرنے سے گریز کیا۔ ایک سینئر ایس پی لیڈر کے مطابق چودھری نے سماج وادی پارٹی کے آفس پر پہنچ کر تقریباً ایک گھنٹہ اکھیلیش یادو کے ساتھ بات چیت کی۔ بعدازاں چودھری نے فون پر بتایا کہ دونوں قائدین نے موجودہ سیاسی صورتحال، مستقبل کا لائحہ عمل اور بی جے پی کی حالیہ شکست پر تبادلہ خیال کیا۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ آیا بات چیت مثبت رہی تو انہوں نے جواب دیا کہ یقینا مثبت رہی اور دونوں (یعنی جینت چودھری اور اکھیلیش ) ایک دوسرے کو عرصہ سے جانتے ہیں۔ چودھری نے کانگریس کے ساتھ ان کی پارٹی کے اتحاد کے سوال کو ٹال دیا، حالانکہ سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کی جانب سے نشستوں کی تقسیم کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں آئی ہے۔لیکن یہ طئے کہ دونوں پارٹیاں آئندہ لوک سبھا انتخابات میں 37 ، 37 نشستوں پر مقابلہ کریں گے ۔