آئی ایم ایف سے پاکستان کو چھ ارب ڈالرس کا پیکیج

   

اسلام آباد، 13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پاکستان کی خستہ حال معیشت کو پٹری پر لانے کے لئے تین سال کے لئے چھ ارب ڈالرس کا ‘بیل اوٹ ’ پیکج دے گا۔پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے خزانہ، ریونیو اور اقتصادی معاملات کے مشیر عبد لحفیظ شیخ نے اتوار کو یہ اعلان کیا۔مسٹر شیخ نے پاکستانی ٹیلی ویژن نیٹ ورک میں کہا کہ پاکستان کی تکنیکی ٹیموں اور آئی ایم ایف کے درمیان تین سال کے لئے بیل اوٹ پیکیج پر سمجھوتہ ہوا ہے ، جس میں پاکستان کی امداد کے طور پر چھ ارب ڈالرس ملیں گے ۔انہوں نے کہا‘‘ایک ماہ کی بحث اور مذاکرات کے بعد آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان یہ معاہدہ ہوا ہے ۔اس معاہدے کو ابھی واشنگٹن میں آئی ایم ایف بورڈ آف ڈائریکٹرس کی رسمی منظوری ملنی باقی ہے ۔لیکن اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ پاکستان میں مؤثر اصلاحات جاری ہیں ۔پاکستان کے لئے آئی ایم ایف مشن کے سربراہ ارنیٹسورمریزریگو نے بھی پاکستان کے اس اعلان کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں کی حمایت کے لئے توسیع فنڈ نظام کے تحت 39 مہینوں کے لئے چھ ارب ڈالرس کی امداد دی جا سکتی ہے ۔