آج حیدرآباد کیخلاف جیت کی ہیٹ ٹرک کیلئے ممبئی انڈینس پُرعزم

   

نئی دہلی: دفاعی چیمپئن اور گزشتہ آئی پی ایل فاتح ممبئی انڈینس موجودہ آئی پی ایل سیزن کی سب سے کمزور ٹیم سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف یہاں منگل کے روز جیت کی ہیٹ ٹرک لگانے اتریں گے ۔ یہ جیت ممبئی کو ٹاپ چار میں بنے رہنے میں مدد کرے گی، جبکہ حیدرآباد کو جیت سے کچھ خاص فائدہ نہیں ہوگا۔ وہ زیادہ سے زیادہ آٹھویں نمبر سے ساتویں نمبر پر آجائے گا۔ اس وقت ممبئی سات میچوں میں تین شکستوں اور چار جیت کے ساتھ8 پوائنٹس حاصل کرکے چوتھے نمبر پر ہے جبکہ حیدرآباد سات میں سے چھ میچ ہارنے کے بعد دو پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں اور آخری نمبر پر ہے ۔ وہ مسلسل اپنے آخری تین میچوں میں ہارا ہے جبکہ ممبئی نے اپنے آخری دو میچ شاندار انداز میں جیتے ہیں ۔ ایک میں ، اس نے راجستھان کو 7 وکٹ سے اور دوسرے میچ میں ، نمبر دو ٹیم چنئی سپر کنگز کو چار وکٹوں سے شکست دی۔ اس ہائی سکورنگ میچ میں ممبئی کو اسٹار آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کی ناٹ آوٹ 87 رنز کی طوفانی اننگز کی بدولت جیت حاصل ہوئی تھی۔ممبئی کی ٹیم اپنے انداز کے مطابق ٹورنامنٹ کے بیچ میں واپسی کر رہی ہے ، جبکہ حیدرآباد اب بھی جیتنے کے لئے جدوجہد کر رہا ہے ۔دونوں ٹیموں کے درمیان سب سے بڑا فرق میچ جیتانے والے کھلاڑیوں کا ہے ۔ ممبئی کے لئے ، میچ جیتانے والے تمام کھلاڑی فارم میں دکھائی دے رہے ہیں ، چاہے وہ کوئنٹن ڈی کاک ہوں ، کپتان روہت شرما ، کیرون پولارڈ ہو یا ہاردک پانڈیا۔ دوسری جانب ، حیدرآباد کی ٹیم میں ، جانی بیئرسٹو اور کین ولیمسن کے علاوہ ، دوسرے کھلاڑی آوٹ آف فارم نظر آرہے ہیں۔ منیش پانڈے رنز بنا رہے ہیں ، لیکن انہوں نے اس سیزن میں اب تک ٹیم کو ایک بھی میچ نہیں جیتایا ہے ۔اس میچ کے بعد حیدرآباد کے پاس دہلی میں ایک اور میچ ہوگا جس میں اس کے سامنے چنئی سپر کنگس (سی ایس کے ) ہوگی۔ وہیں ممبئی بھی اس کے بعد راجستھان رائلس کے خلاف یہاں ایک اور مقابلہ کھیلے گی۔ اس کے بعد ممبئی اپنے آئندہ میچوں کے لئے بنگلورور جبکہ حیدرآباد کی ٹیم کلکتہ روانہ ہوگی۔