آرٹیکل 370 کی برخاستگی سردار پٹیل کے خواب کی تکمیل : وزیراعظم

,

   

کشمیر کو خصوصی موقف حاصل ہونے سے دہشت گردی کو بڑھاوا ملا تھا، قومی اتحاد کا عہد، نریندر مودی کا خطاب

کیواؤہا (گجرات) ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) یوم قومی اتحاد کے موقع پر سردار ولبھ بھائی پٹیل کو خراج پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کشمیر سے آرٹیکل 370 کی برخاستگی کی مدافعت کی اور کہا کہ اس خصوصی موقف کی دفعات سے جموں و کشمیر میں صرف اور صرف دہشت گردی کو بڑھاوا ملا تھا۔ سردار پٹیل کی 144 ویں یوم پیدائش تقاریب کے موقع پر اسٹیچو آف یونٹی پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے ’’قومی اتحادکا عہد‘‘ کرنے کیلئے جمع ہجوم کی قیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ میں نئے سسٹم کا مطلب یہ نہیں کہ ہم نے ایک زمین پر لکیر کھینچ دی ہے یا سرحد پر لکیریں ڈال دی ہیں لیکن اس سے بھروسہ اور اعتماد کا ایک مضبوط رابطہ قائم ہوگا۔ وزیراعظم نے ریاست جموں و کشمیر کو دو یونین ٹریٹریز میں تقسیم کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے نواب کی تکمیل نے ان کے جذبہ سے حوصلہ پا کر ہی یہ فیصلہ کیا ہے۔ ان کی حکومت جذبات سے سرشار ہوکر ملک کی معاشی اور دستوری یکجہتی کیلئے کام کررہی ہے۔ اس کے بغیر 21 ویں صدی میں ایک طاقتور ہندوستان بنانے کا خواب پورا کرنا مشکل ہوگا۔ پاکستان پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ ہندوستان کے خلاف جنگیں جیت نہیں سکتے وہ لوگ ہندوستان کے خلاف سازشیں کرتے ہوئے اس ملک سے اتحاد کو تباہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ مودی نے کہا کہ اس ملک نے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ اس آرٹیکل کی وجہ سے وہ نہ صرف علحدگی پسندگی وار دہشت گردی کو فروغ مل رہا تھا۔ وادی کشمیر میں گذشتہ 3 دہوں کے دوران دہشت گردی سے زائد از 40,000 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ تو سردار پٹیل کا وجدان تھا کہ ہم نے کشمیر کو حاصل آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ سردار پٹیل کے آشیرواد سے ہی ہم نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ سردار پٹیل نے ملک کے پہلے وزیرداخلہ کی حیثیت سے جو پہلا قدم اٹھایا تھا، آج ہم نے اس قدم کے نقوش کو ابھارا ہے۔ سردار پٹیل نے ایک بار کہا تھا کہ کشمیر مسئلہ سے نمٹا جائے گا۔ اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے زیادہ وقت لینے کی ضرورت نہیں تھی لیکن جواہر لعل نہرو نے اس میں تاخیر سے کام لیا۔ ملک کے پہلے وزیراعظم پر اکثر بی جے پی تنقید کرتی آرہی ہے۔ مودی نے کہا کہ شمال مشرق بھی اب علحدگی پسندگی سے نکل رہا ہے۔ جہاں کئی دہوں پرانے مسائل پائے جاتے ہیں اب ان تمام مسائل کو حل کرنے کے قریب ہم پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کا نام لئے بغیر مودی نے کہا کہ بعض عناصر ہندوستان کے کشمیر الوجود اتحاد کو تباہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ علحدگی پسندی اور دہشت گردی کو پھیلا کر یہ عناصر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن یہ عناصر صدیوں سے اپنی کوششوں میں ناکام ہورہے ہیں۔ ہم کو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ کثرت میں وحدت ہی ہمارے لئے فخر کی بات ہے اور یہ ہماری شناخت ہے۔