آسٹریلیا کا آج پاکستان سے مقابلہ،بارش کا خدشہ

   

ٹاؤنٹن ۔11 جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اورآسٹریلیا کا ورلڈ کپ میچ کل ہونا ہے اورپچ بظاہر گرین ٹاپ دکھائی دے رہی ہے۔ یہ تیز بائونسی وکٹ پاکستانی بیٹسمینوں کا حوصلہ آزمائے گی حالانکہ ونڈے میچ بیٹنگ پچ پر کھیلے جاتے ہیں۔ میچ والے دن بارش کی بھی پیش قیاسی کی گئی ہے اس لئے میچ میں ٹاس اہمیت اختیارکر گیا ہے۔ اس میدان پر اس ورلڈ کپ کے تین میچ ہوں گے۔ پاکستان کے میچ سے پہلے نیوزی لینڈ نے افغانستان کو شکست دی تھی۔ اس گرائونڈ کی تاریخ ایک سو سال سے بھی زائد کی ہے۔1882میں یہ گرائونڈ قائم ہوا تھا۔1983میں ٹائونٹن نے ایک اور1999میں دوورلڈکپ میچوں کی میزبانی کی تھی۔1999میں ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف373 رنز چھ وکٹ پر بنائے تھے۔2017 میں یہاں ویمنز ورلڈ کپ کے سات میچ ہوئے تھے۔ پاکستانی ٹیم اس گرائونڈ پر پہلا ونڈے کھیل رہی ہے۔ کپتان سرفراز احمد کو آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ کے اہم میچ کے لیے تیار کی گئی گرین وکٹ نے پریشان کر دیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کا شکوہ ہے کہ پاکستانی ٹیم کو ایسی پچیں ملتی ہیں جو ان کے کھیل کیلئے سازگار نہیں کرتیں۔ کپتان کاونٹی گراونڈ کی گھاس والی وکٹ سے خوش نہیں ہیں اور ان کے مطابق یہ پچ فاسٹ بولروں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گی کیونکہ اس پچ پر گیند زیادہ باونس ہو گی۔ واضح رہے کہ پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی وکٹ میں غیر ضروری باونس ہونے کی وجہ سے محض 105 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو گلہ ہے کہ ہندوستان کو آئی سی ایونٹس میں ہمیشہ ایسی وکٹیں دی جاتی ہیں جو بیٹنگ اور اسپنرز کے لیے سازگار ہوتی ہے، ایسی وکٹیں ایشیائی ٹیموں کے لیے فائدہ مند ہوتی ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ ہم نے ماضی کی غلطیوں سے سیکھا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف جو غلطیاں کیں انہیں دوبارہ نہیں دہرائیں گے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ انگلینڈ کے خلاف ہمارے بیٹسمینوں کی کارکردگی متاثر کن تھی، انگلینڈ کے خلاف جیت سے ٹیم کا حوصلہ بلند ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم آسٹریلیا سے بھی جیتیں گے۔ انگلینڈ میں کھیلنے کا وسیع تجربہ رکھنے والے اظہر محمود نے کہا ہے کہ کی کاونٹی گراونڈ کی وکٹ پر زیادہ سے زیادہ اسکور بن سکتا ہے۔ پچ سے متعلق انہوں نے مزیدکہا ہیکہ پچ پر گھاس ہے لیکن مقابلے میں ابھی وقت باقی ہے پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔ علاوہ ازیں انضمام الحق نے مکی آرتھر اور سرفراز احمد کے ساتھ صلاح مشورے کئے ہیں۔ توقع ہے کہ پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی ، اگر بارش سے اوورز کم ہوتے ہیں تو ٹیم میں ردوبدل ہوسکتا ہے۔ پاکستانی ٹیم جیت کا تسلسل قائم رکھنا چاہتی ہے، کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ جارحانہ حکمت عملی کو تبدیل نہ کریں اور انگلینڈ کے میچ والی حکمت عملی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پریکٹس سیشن میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے لوورآرڈرکو بھی بیٹنگ پریکٹس کروائی تاکہ اگر کسی وقت ان پر میچ کا نتیجہ آنا ہو تو وہ بیٹنگ کرسکیں۔یاد رہے کہ پاکستان نے اپنے گزشتہ مقابلے میں انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دی ہے جبکہ دفاعی چمپئین آسٹریلیا کو اپنے گزشتہ مقابلے میں ہندوستان کے خلاف ایک قریبی شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔پاکستان کامیابی کے تسلسل اور آسٹریلیائی ٹیم کامیابی کی سمت لوٹنے کے لئے کوشاں ہوگی۔