آن لائین دوستی کے بعد کمسن لڑکی کا اغوا ‘ نوجوان گرفتار

   

حیدرآباد۔ آن لائن کلاسیس کیلئے موبائیل استعمال کرنے والی کمسن لڑکی کے ساتھ عبرتناک واقعہ پیش آیا۔ انسٹا گرام پر دوستی اور جان پہچان کے بعد جنسی خواہش پوری کرنے بدمعاش نے لڑکی کا اغوا کرلیا۔ تاہم اندرون 4 گھنٹے میں رچہ کنڈہ پولیس نے لڑکی کو اغوا کار کے چنگل سے آزادکروالیا۔ میر پیٹ پولیس نے ساتویں جماعت کی طالبہ کو والدین کے حوالے کردیا اور خاطی 23 سالہ ٹی وینکٹا سوامی کو جیل منتقل کردیا۔ چیریال سدی سے تعلق رکھنے والا سوامی کسان ہے ۔ سوشیل میڈیا کے ذریعہ اجنبی خواتین اور لڑکیوں کو فحش پیامات روانہ کرنا اس کی عادت تھی۔ فحش پیامات کے ذریعہ کم عمرلڑکیوں اور خواتین کو وہ اپنے جال میں پھانس کر جنسی خواہش پورا کرنے کوشاں رہتا ۔ مغویہ لڑکی کو بھی اپنے جال میں پھانس لیا تھا۔ سوامی نے لڑکی کو فحش پیامات روانہ کرنا شروع کردیا۔ لڑکی نے اس پر برہمی ظاہر کرکے بلاک کردیا جس کے بعد اس نے لڑکی سے بات کرنے فون شروع کردیا اور دھمکیاں دینے لگا، لڑکی کے ساتھ وقت گذارنے کی پیشکش کی اور بصورت دیگر لڑکی کی والدہ کا اغوا کرنے دھمکی دی۔ 2 ڈسمبر کو اس نے رقم اور کپڑے لے کر گھٹکیسر آنے کہااور لڑکی چلی گئی جہاں اس نے بذریعہ موٹر سیکل ساتھی کے گھر لے گیا اور لڑکی کا استحصال کیا۔ لڑکی کی والدہ کی شکایت پر پولیس نے سی سی کیمروں سے لڑکی کا پتہ چلایا۔ لڑکی کے بیان پر مقدمہ میں سنگین دفعات درج کرلئے گئے ۔