اردو میڈیم سرکاری اسکولوں کے بارے میں عہدیداروں سے رپورٹ طلب

   

خانگی اسکولوں کا معائنہ کرتے ہوئے رپورٹ پیش کی جائے، تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس
حیدرآباد۔ 7 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن نے حیدرآباد میں اردو میڈیم سرکاری اسکولوں کی مسدودی کے سلسلہ میں ریجن ڈائرکٹر اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر سے رپورٹ طلب کی ہے۔ اقلیتی کمیشن کا اجلاس صدرنشین محمد قمرالدین کی قیادت میں منعقد ہوا جس میں 3 مختلف شکایات کی سماعت کی گئی۔ تلنگانہ ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ فائونڈیشن نے کمیشن سے شکایت کی کہ بہادر پورہ منڈل میں 16 گورنمنٹ اردو میڈیم اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں متعلقہ ڈی ای او سے نمائندگی بے فیض ثابت ہوئی۔ صدرنشین کمیشن نے ریجن ڈائرکٹر شریمتی راجیشوری اور ڈی ای او حیدرآباد شریمتی وینکٹ نرسماں سے تفصیلات طلب کی۔ انہوں نے جوائنٹ ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن سے بھی اسکولوں کے موقف کے بارے میں وضاحت طلب کی۔ ڈی ای او نے بتایا کہ طلبہ کی تعداد میں کمی کے سبب بعض اسکولوں کو بند کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم عوام کے مطالبے پر اسکولوں کی دوبارہ کشادگی کے لیے تیار ہے۔ صدرنشین اقلیتی کمیشن نے جوائنٹ ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن، ریجنل ڈائرکٹر اور ڈی ای او سے ریاست میں اردو میڈیم سرکاری اسکولوں پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ گورنمنٹ ہائی اسکول ہمایوں نگر۔II کو گورنمنٹ پرائمری اسکول آصف نگر کی عمارت میں منتقل کردیا گیا۔ ڈی ای او نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ اسکول کی حالت انتہائی خستہ ہے لہٰذا طلبہ کے تحفظ کے لیے دوسری عمارت میں منتقل کیا گیا ہے۔ کمیشن سے شکایت کی گئی کہ اردو میڈیم اسکولوں میں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی کمی ہے۔ مدرسہ فیڈریشن ایجوکیشن اینڈ ویلفیر سوسائٹی عنبر پیٹ نے کمیشن سے نمائندگی کی کہ خانگی مسلمہ اسکولس حکومت کے قواعد کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ اسکولوں میں پینے کے پانی، ٹائلٹس اور دیگر بنیادی سہولتوں کی کمی کی شکایت کی گئی۔ صدرنشین کمیشن نے ریجنل ڈائرکٹر اور ڈی ای او کو خانگی اسکولوں کا معائنہ کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ جامعۃ المومنات نے کمیشن سے نمائندگی کی کہ اسکول کی اردو منشی مولوی کی سند کو ایس ایس سی کے مماثل قرار دیا جائے اور طلبہ کو انٹرمیڈیٹ جونئیر کالجس میں داخلے کی اجازت دی جائے۔ ڈی ای او نے کمیشن کو بتایا کہ یہ معاملہ ایس سی ای آر ٹی کے تحت ہے جو کمشنر و ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کے کنٹرول میں ہے۔ صدرنشین کمیشن نے کمشنر و ڈائرکٹر سے 7 ڈسمبر کے اجلاس میں شرکت کی خواہش کی۔