اسامہ کی ہلاکت کا آپریشن ناقابل فراموش : بائیڈن

   

واشنگٹن : امریکی صدر جوبائیڈن نے پاکستان میں القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کی دسویں برسی کے موقع پر کہا کہ امریکہ اب کسی بھی نوعیت کے دہشت گرد حملہ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ امریکی عوام کے تحفظ کیلئے امریکہ کوئی بھی قدم اٹھا سکتا ہے۔ 11 ستمبر 2001ء کو امریکہ میں کئے گئے دہشت گرد حملوں کے بعد اسامہ بن لادن دس سالوں تک قانون کی آنکھوں میں دھول جھونکتا رہاتاہم یکم ؍ مئی 2011ء کو پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں امریکہ کی خصوصی فوج نے اسامہ کو گھیر ہی لیا۔ بائیڈن اس وقت امریکہ کے نائب صدر تھے۔ انہوں نے پرانی یاد تازہ ترکرتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی اس وقت کے صدر بارک اوباما کے ساتھ وائیٹ ہاؤس کے سچویشن روم میں موجود تھے اور اسامہ کی ہلاکت کا پورا آپریشن راست طور پر دیکھ رہے تھے۔ یہ وہ لمحات تھے جنہیں وہ کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ بائیڈن نے امریکی انٹلیجنس پروفیشنلز کی زبردست ستائش کی۔