اسرائیل کا دمشق ہوائی اڈے پر میزائل حملہ

   

واشنگٹن 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شامی خبر رساں ادارے نے بتایا ہے کہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے جمعہ کے روز دمشق پر میزائل برسائے، جس پر شام کی دفاعی افواج نے جوابی فائر کرکے ان میں سے زیادہ تر کو ناکارہ بنا دیا۔صنعا نیوز ایجنسی نے فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’’جارحیت کے نتیجے میں دمشق ہوائی اڈے کے ایک گودام کو نقصان پہنچا ہے‘‘۔خبر میں بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ 11.15 بجے رات پر کیا گیا۔سرکاری تحویل میں کام کرنے والے شامی ذرائع ابلاغ کی فٹیج میں فضائی دفاع کی فائرنگ دکھائی گئی ہے، جس میں رات کے اندھیرے میں شعائیں ابھرتی نظر آ رہی ہیں۔ ایک ویڈیو میں دھماکے کے آواز سنائی دیتی ہے۔اسرائیل نے شام میں کئی حملے کیے ہیں جو اس کوشش کا حصہ ہے کہ ایران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو کم کیا جائے، جہاں 2011ء میں چھڑنے والی لڑائی کے بعد ایران صدر بشار الاسد کی حمایت کررہا ہے۔ شامی سرکاری ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق، اسرائیل نے پچھلا حملہ 25 دسمبر کو کیا تھا، جب میزائیل حملے میں تین شامی فوجی زخمی ہوئے تھے۔ستمبر میں ایک اعلیٰ اسرائیلی اہلکار نے کہا تھا کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران اسرائیل نے شام میں ایرانی اہداف پر 200 سے زائد حملے کیے ہیں۔ایرانی اور ایران کی پشت پناہی والے گروپوں نے، جن میں لبنان کی حزب اللہ شامل ہے، لڑائی کے دوران الاسد کی حکومت کی حمایت میں نفری تعینات کر رکھی ہے۔