اسمبلی و کونسل کے مانسون سیشن کا آج اختتام

,

   

بزنس اڈوائزری کمیٹی کا فیصلہ، 28 ستمبر تک اجلاس جاری رکھنے کانگریس کا مطالبہ

حیدرآباد: تلنگانہ قانون ساز اسمبلی و کونسل کا مانسون اجلاس 16 ستمبر کو اختتام پذیر ہو گا ۔ اسمبلی کے کمیٹی ہال میں آج بزنس اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں دونوں ایوانوں کے اجلاس کو کل ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ واضح رہے کہ 7 ستمبر کو جب اسمبلی اور کونسل کے اجلاس کا آغاز ہوا تھا ۔ تب بی اے سی کے اجلاس میں 28 ستمبر تک اجلاس جاری رکھنے سے اتفاق کیا گیا تھا لیکن آج منعقدہ اجلاس میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا اور کہا گیا کہ تمام اہم بلز منظور ہوچکے ہیں اور مختلف امور پر مباحث بھی ہوئے ہیں۔ تاہم کورونا وائرس کے بتدریج اضافہ کے پیش نظر 16 ستمبر کو اسمبلی اور کونسل کے اجلاس کو اختتام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کانگریس مقننہ پارٹی کے قائد ملو بھٹی وکرمارکا نے حکومت کے اس فیصلہ کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ بزنس اڈوائزری کمیٹی کے پہلے اجلاس میں طئے پائے ایجنڈہ کے مطابق 28 ستمبر تک ایوانوں کی کارروائی جاری رکھنا ضروری ہے۔ پوتی ریڈی پاڈو دریائے کرشنا کے پانی کی تقسیم کے علاوہ دیگر اور بھی کئی اہم مسائل ہیں، اس پر مباحث ہونا ضروری ہے لیکن حکومت عوامی مسائل سے راہ فرار اختیار کرتے ہوئے کورونا کا بہانہ بنارہی ہے ۔ چیف منسٹر اور وزراء کی جانب سے ہر موضوع پر مکمل مباحث کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا ۔ مگر وقفہ سوالات کے علاوہ دوسرے مباحث میں اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ حکومت کے اس فیصلہ کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ حکومت نے ریاست میں کورونا کیسیس میں اضافہ کے پیش نظر اجلاس کو مختصر کرنے کا فیصلہ کیا کیوں کہ حلقہ نامپلی کے رکن جعفرحسین معراج اور دیگر ارکان اسمبلی کے بشمول تقریباً 52 افراد کورونا پازیٹیو پائے گئے۔ اِس وباء کے خوف کے پیش نظر ریاستی حکومت اجلاس کو جاری رکھنے کے موقف میں نہیں ہے۔