افغانستان میں زلزلے سے1000 افراد فوت ، سینکڑوں زخمی

,

   

کابل: افغانستان میں دوردراز کے سرحدی خطہ میں منگل کی رات طاقتور زلزلہ پیش آیا جس کے نتیجہ میں کم از کم 1000 افراد کی موت ہوگئی اور مزید سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ عہدیداروں نے چہارشنبہ کو بتایا کہ اموات کی تعداد بڑھنے کا اندیشہ ہے کیونکہ منہدمہ عمارتوں کا ملبہ ہٹایا جارہا ہے۔ مشرقی خطہ میں پیش آئے زلزلہ کی شدت 6.1 درج کی گئی لیکن بعد میں اسے 5.9 بتایا گیا۔ محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ محمد امین حذیفہ نے کہا کہ زلزلے نے صوبہ پکتیکا میں سب سے زیادہ تباہی مچائی ہے ۔ وہاں کے ملبے اور تباہ شدہ مکانات کے نظارے کافی خوفناک ہیں۔میڈیا نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا کہ پکتیکا اور خوست صوبوں میں سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔طالبان کے ترجمان بلال کریمی نے ٹویٹر پر کہاکہ بدقسمتی سے کل رات ایک زبردست زلزلہ صوبہ پکتیکا کے چار اضلاع میں آیا، جس سے ہمارے سینکڑوں ہم وطن ہلاک اور زخمی ہوئے ۔ اس کے علاوہ بہت سے مکانات تباہ ہو ئے۔ علاقہ میں بارش بھی ہورہی ہے جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔ حکام نے بتایا کہ متوفیوں کی تدفین کیلئے مسلسل قبریں کھودی جارہی ہیں۔ تمام امدادی ایجنسیوں پر زور دیا گیا ہیکہ وہ فوری طور پر علاقہ میں ٹیمیں بھیجیں تاکہ مزید تباہی کو روکا جا سکے۔ زلزلے کا مرکز زمین سے تقریباً 51 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔