اقتدار ملنے پر کانگریس رام مندر بنائے گی

,

   

بی جے پی مسئلہ ایودھیا پر سیاسی کھلواڑ میں مصروف : راوت
دہرہ دون ۔ 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری ہریش راوت نے دعویٰ کیا ہیکہ کانگریس ہی واحد پارٹی ہے جس نے ایودھیا میں رام مندر بنانے کیلئے ماضی میں سنجیدہ اقدامات کی تھی۔ راوت نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’مسئلہ ایودھیا پر میرا بیان پہلے ہی ویب سائٹ پر پیش کیا جاچکا ہے۔ میں یہ کہتا رہا ہوں کہ مرکز میں اقتدار دیئے جانے کی صورت میں ایودھیا میں مندر بنانے کیلئے کانگریس ممکنہ حد تک بہترین مساعی کرے گی۔ اس مسئلہ پر میرے موقف کو پارٹی کا موقف بھی سمجھا جانا چاہئے‘‘۔ راوت نے کہا کہ بی جے پی سینئر لیڈر سبرامنیم سوامی نے خود ان سے بات چیت کے دوران کہا تھا کہ وہ کانگریس ہی تھی جس نے اپنے اقتدار کے دوران ایودھیا میں مندر بنانے کیلئے دو مرتبہ سنجیدہ مساعی کی تھی۔ راوت نے الزام عائد کیا کہ اس مسئلہ پر بی جے پی سیاسی شعبدہ بازی کررہی ہے۔ مرکز کو چاہئے کہ ایودھیا میں مندر بنانے کیلئے مرکزی حکومت کو سہولت فراہم کنندہ کا رول ادا کرنا چاہئے۔ پلوامہ دہشت گرد حملے پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے راوت نے کہا کہ زعفرانی جماعت صرف وزیراعظم نریندر مودی کو ہی قوم پرست کے طور پر ظاہر کررہی ہے جو غلط ہے۔ راوت نے کہا کہ ’’صرف وزیراعظم مودی کو ہی قوم پرست کے طور پر کیوں ظاہر کیا جارہا ہے۔ اس پر مجھے شدید اعتراض ہے۔ ہندوستان کا ہر شہری قوم پرست ہے۔ میں بھی اور آپ بھی قوم پرست ہیں۔ سپاہیوں کی شہادتوں پر ساری قوم پوری یکجہتی کے ساتھ کھڑی تھی‘‘۔