اقلیتوں کیخلاف 7 بدترین ظالم، مودی و یوگی شامل

,

   

معاشی اور ویزا تحدیدات عائد کرنے امریکہ اور حلیفوں سے اپیل

واشنگٹن : وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ کو ممتاز گلوبل کرسچن آرگنائزیشن ’’انٹرنشینل کرسچن کنسرن‘‘ نے مذہبی اقلیتوں پر ظلم ڈھانے والے دنیا کے سات (7) بدترین ظالموں میں شمار کیا ہے۔ اس تنظیم نے امریکی حکومت اور حلیف ملکوں سے اپیل کی ہیکہ مودی حکومت کے کلیدی فیصلہ ساز ارکان کے خلاف ویزا اور معاشی تحدیدات عائد کئے جائیں تاکہ اقلیتوں پر ظلم کے خاتمہ کیلئے دباؤ ڈالا جاسکے۔ اس فہرست میں شامل دیگر عالمی قائدین چینی صدر ژی جن پنگ، ترک صدر رجب طیب اردغان، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، نائجیریائی لیڈر ناصر ال رفاعی اور شمالی کوریائی ڈکٹیٹر کم جونگ ان ہیں۔ ہندوستان کے علاوہ دیگر ممالک نائجیریا، چین، میانمار، ترکی اور پاکستان کو نامزد کیا گیا ہے جہاں اس تنظیم کا دعویٰ ہیکہ اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔ تنظیم آئی سی سی نے 2021ء کی اپنی رپورٹ میں جو رواں ماہ جاری کی گئی، سنگھ پریوار (آر ایس ایس اور اس سے وابستہ تنظیمیں) کو طالبان اور بوکوحرام کے ساتھ رکھا ہے اور ہندوستان کو دنیا کے 7 بڑے ظالم ملکوں میں شمار کیا ہے۔ اس فہرست میں سنگھ پریوار کے ساتھ طالبان، الشباب، بوکوحرام، ایسٹ انڈونیشیا مجاہدین، گرے وولوز، جماعت انشروت دولہ، عوامی تحریک برپا کرنے والی قوتیں اور تحریک لبیک جیسی تنظیمیں شامل ہیں۔