اقلیتیں ٹی آر ایس پر بھروسہ نہ کریں: بھٹی وکرامارکا

,

   

انتخابی مہم میں شرکت ، اقلیتی رائے دہندوں سے ملاقات
حیدرآباد۔/18 جنوری، ( سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے مدھیرا میونسپلٹی میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے اقلیتوں اور دیگر رائے دہندوں سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کیا اور یقین دلایا کہ کانگریس کامیاب ہونے پر میونسپلٹی کی ترقی کو یقینی بنائے گی۔ بھٹی وکرامارکا نے اقلیتی رائے دہندوں سے کہا کہ وہ ٹی آر ایس حکومت کے دھوکہ میں نہ آئیں۔ شہریت قانون اور این آر سی کے مسئلہ پر ٹی آر ایس کا موقف غیر واضح ہے اور وہ بی جے پی کے خلاف فیصلہ سے گریز کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے آج تک اس مسئلہ پر کوئی بیان نہیں دیا جبکہ کیرالا اور پنجاب کی حکومتوں نے نہ صرف اسمبلی میں قرار داد منظور کی بلکہ سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں شہریت قانون اور این آر سی پر عمل آوری نہیں ہوگی۔ انہوں نے رائے دہندوں سے کہا کہ وہ مدھیرا کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے کانگریس کو کامیاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے سماج کے تمام طبقات کو نظرانداز کردیا ہے جبکہ کانگریس ہمیشہ تمام طبقات کی خدمت کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے۔